عراق میں بندوق بردار کے ہاتھوں 7 فوجی ہلاک

بغداد۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ عراق کے عہدیداروں نے کہا کہ ایک بندوق بردار نے فوج کی چوکی پر شمالی شہر کے قریب حملہ کرتے ہوئے 7 فوجیوں کو ہلاک کردیا۔ پولیس عہدیداروں کے بموجب حملہ آوروں نے فوجیوں کے ایک گروپ پر جو چوکی پر تعینات تھا، شہر موصل کے قریب جو بغداد کے شمال مغرب میں 360 کیلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے،

علی الصبح گولیوں کی بوچھار کردی۔ طبی عملہ نے ہلاکتوں کی توثیق کی۔ سرکاری عہدیداروں نے کہا کہ عراقی فوجی سنی شورش پسندوں کے پسندیدہ نشانے ہیں۔ وہ بغداد میں شیعہ زیر قیادت حکومت کی اہمیت کم کرنا چاہتے ہیں۔ گزشتہ سال عراق میں تشدد کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ 2013ء میں عراق میں ہلاکتوں کی اعظم ترین تعداد دیکھی گئی تھی۔ 2007ء کے بعد فرقہ وارانہ خونریزی میں کمی آگئی تھی، لیکن اس میں اب دوبارہ اضافہ ہوگیا ہے۔