عراق میں آئی ایس کے 186دہشت گرد گرفتار

بغداد، 12فروری (سیاست ڈاٹ کام) عراق میں دہشت گرد تنظیم دولت اسلامیہ (آئی ایس) کے بہت بڑے گروپ کا پتہ لگاکر 186دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔عراق کی وزارت داخلہ نے پیر کو اعلان کیا کہ عراق کے مغربی صوبہ انبارمیں ملک میں دہشت گردانہ واقعات کو انجام دینے والے 186دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔اس مہم کے ترجمان سعد مان نے انبارصوبائی کونسل کے سربراہ احمد العوانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہاکہ مشترکہ فوج انبار کے سب سے بڑے آئی ایس سیل کو تباہ کرنے میں کامیاب رہی۔ یہ دہشت گرد خودکش حملوں ، بم دھماکوں کو انجام دینے اور بین الاقوامی شاہراہوں پر فوجیوں کو قتل کرنے کے ملزم ہیں۔ترجمان کے مطابق حراست میں لئے گئے دہشت گردوں نے اپنا جرم قبول کرلیا ہے اور ان میں سے کچھ کو موت کی سز ا دی گئی ہے ۔ ان دہشت گردوں نے 2017کے آخر میں انبار شہر پر قبضہ کرلیا تھا اور آئی ایس میں شامل ہونے سے انکار کرنے والے البنر نمر ذات کے لوگوں کو قتل کردیا تھا۔پریس کانفرنس میں مسٹر العوانی نے انبار میں دہشت گردی ختم کرنے کے لئے عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی اور وزارت داخلہ سے خفیہ محکمہ کا تعاون طلب کیا ہے ۔