عدالتی تحقیقات کرانے اپوزیشن کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ 31 اکتوبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے انکاؤنٹر کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا، جبکہ بی جے پی نے انکاؤنٹر کے بارے میں سوالات اُٹھاتے ہوئے سکیورٹی فورسیس کے حوصلے پست کرنے کا الزام عائد کیا۔ کانگریس اور سی پی آئی ایم نے کہا کہ عدالتی تحقیقات ضروری ہیں تاکہ عوام کو سچائی معلوم ہوسکے ۔ بی جے پی کا کہنا ہے کہ کانگریس سیمی کارکنوں کی تائید کرتے ہوئے واقعہ کو سیاسی رنگ دے رہی ہے ۔ کانگریس لیڈر کمل ناتھ جو مدھیہ پردیش سے لوک سبھا رکن ہیں کہا کہ حکومت کو یہ بھی معلوم ہونا چاہئے کہ آخر وہ کن حالات میں جیل سے فرار ہوئے ۔ عوام اور ملک کے لئے یہ جاننا ضروری ہے کہ انتہائی سخت سکیورٹی کی حامل جیل سے ایسا ریکارڈ رکھنے والے دہشت گردو ں کو فرار ہونے میںکامیابی کس طرح ملی ؟ سی پی آئی ایم لیڈر برندا کرات نے انکاؤنٹر کے بارے میں سرکاری بیان کو انتہائی مشتبہ اور دوہرے پن کاحامل قرار دیا ۔ انھوں نے کہاکہ ریاستی حکومت اور پولیس کے بیان میں تضاد پایا جاتا ہے ۔ بی جے پی ترجمان جی ایل نرسمہا راؤ نے کانگریس پر دہشت گردوں کی تائید کا الزام عائد کیا اور کہاکہ اب بھی کانگریس وہی روش اختیار کئے ہوئے ہے جیسی ماضی میں لشکر طیبہ کے تعلق سے کی تھی ۔ کانگریس نے سرجیکل حملوں کے بارے میں جس طرح سوال اُٹھائے اب پھر ووٹ بینک سیاست کے لئے ایسا ہی کررہی ہے ۔ اس سے سکیورٹی فورسیس کے حوصلے پست ہوں گے۔ سی پی آئی ایم لیڈر سیتارام یچوری نے کہاکہ حکومت مدھیہ پردیش اور ریاستی پولیس کے متضاد بیانات پریشان کن ہے اور اس کی عدالتی تحقیقات ہونی چاہئے۔