عثمانیہ یونیورسٹی میں ہاسٹلس کو بہتر بنانے کے لئے تبدیلیوں کا منصوبہ

حیدرآباد10مئی(یواین آئی)شہر حیدرآباد کی مشہور عثمانیہ یونیورسٹی،ہاسٹلس کو بہتر بنانے کے لئے تبدیلیاں کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے تاکہ ہزاروں طلبہ کیلئے بہتر معیار زندگی فراہم کی جاسکے ۔اس خصوص میں یونیورسٹی کی جانب سے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔اس کمیٹی کی تجاویز کی بنیاد پر یہ منصوبہ بنایاگیا۔اس کمیٹی نے ہاسٹلس اور میس کے کئی مسائل کی نشاندہی کی اور اس ضمن میں تجاویز پیش کیں۔سابق ریاست حیدرآباد کے آخری فرمانروا نواب میر عثمان علی خان نے اس یونیورسٹی کو قائم کیا تھا جس میں 22ہاسٹلس ہیں۔ان کی مرمت اور تزئین نو کے لئے اس میں رہنے والوں کو ہر سال ان ہاسٹلس کو خالی کرناپڑتا ہے۔یونیورسٹی نے ای ون اور ای ٹو ہاسٹلس کو منہدم کرتے ہوئے نئی عمارات کی تعمیرکا فیصلہ کیا۔ساتھ ہی ہوزنگ ہوسٹلس اے ، بی، سی،ڈی اور خواتین کی ہاسٹلس کی عمارتوں کی بھی مرمت کا کام کیاجائے گا۔ان ہاسٹلس میں رہنے والے باہر کے افراد کو نکالا جائے گا اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔کمیٹی نے ساتھ ہی طلبہ تنظیموں کے زیرقبضہ کمروں کو حاصل کرتے ہوئے حقیقی طلبہ کو الاٹ کرنے کی بھی تجویز رکھی ہے ۔ہاسٹلس کے باورچی خانوں کو عصری بنایاجائے گا اور معیاری غذا،پینے کے پانی کی فراہمی اور عمارتوں کی دیکھ بھال کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔