عبدالقدیر خان کی پارٹی کا عمران خان کی پارٹی سے انضمام

پشاور18 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق نیوکلیر سائنسداں اے کیو خان کی صوبائی سیاسی جماعت تحریک تحفظ پاکستان (TTP) نے عمران خان کی تحریک انصاف پارٹی سے انضمام کا اعلان کیا ہے۔ دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے قائد خالد مسعود نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اے کیو خان ایک قومی ہیرو تھے اور اُنھوں نے تحریک انصاف کو ہمیشہ ایک دوست پارٹی سے تعبیر کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام تحریک انصاف پارٹی کی کارکردگی سے خوش ہیں اور پارٹی میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے۔ ٹی ٹی پی لیڈر ارباب شاہ نواز نے کہاکہ دونوں ہی پارٹیوں کے انتخابی منشور یکساں ہیں۔

یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ اے کیو خان کو ’’پاکستان کا بابائے بم‘‘ کہا جاتا ہے۔ اُنھوں نے 2012 ء میں اپنی پارٹی تشکیل دی تھی اور بعدازاں اندرون ایک سال یہ کہہ کر تحلیل کردیا تھا کہ وہ پارٹی اُمور سنبھالنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ اُنھیں 2004 ء میں اُس وقت نظربند کردیا گیا تھا جب اُنھوں نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ لیبیا اور جنوبی کوریا کو اُنھوں نے خفیہ طور پر نیوکلیر معلومات فراہم کی تھیں لیکن حیرت انگیز طور پر اُنھوں نے بعد میں اس کی تردید بھی کردی تھی اور کہا تھا کہ اُنھوں نے جو کچھ بھی کیا وہ صرف احکامات کی تعمیل تھی۔