عبادت صوم کے باعث روح کا نفس پر غلبہ ،اطاعت حق تعالیٰ، اتباع رسالتؐ کے لئے ضروری

عبادت صوم کے باعث روح کا نفس پر غلبہ ،اطاعت حق تعالیٰ، اتباع رسالتؐ کے لئے ضروری
مسجدنورانی فتح دروازہ اور حمیدیہ شرفی چمن میں ڈاکٹرسید محمد حمید الدین شرفی کے خطابات
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جون : ( پریس نوٹ ) : روزہ فرض عبادت اور دین حق اسلام کا اساسی رکن ہے اللہ تعالیٰ نے روزوں کو اپنے ایمان والے بندوں پر سال بھر میں ایک ماہ رمضان مبارک کی حد تک فرض فرمایا ہے رمضان شریف کے علاوہ جو روزے رکھے جائیں ان کے شریعت مطہرہ نے اور نام دئیے ہیں تاہم نذر کے واجب اور مسنون و نفل روزے بھی تقرب الٰہی کے حصول کے ضمن میں بہترین ذریعہ ہیں۔ جب ماہ رمضان آتا ہے تو اہل ایمان فرض روزوں کے ذریعہ روح کی تقویت و لطافت کا سامان کرتے ہیں اوقات صوم میں کھانے پینے اور جماع سے اجتناب نفس کے ضعف و ناتوانی کا باعث ہیں جب نفس کمزور ہوتا ہے تو روح کا اس پر غلبہ ہو جاتا ہے جو بندہ کو مائل بہ خیر و صالحیت کرنے کا موجب ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار کرتے ہوے ڈاکٹر سید محمد حمید الدین شرفی ڈائریکٹر آئی ہرک نے 4؍رمضان المبارک کو بعد نماز ظہر مسجدنورانی فتح دروازہ، قلعہ گولکنڈہ اور بعد نماز عصر ’’حمیدیہ‘‘ شرفی چمن ،سبزی منڈی قدیم میں روزہ دارمصلیوں کے اجتماعات سے خطاب کا شرف حاصل کیا۔ اسلامک ہسٹری ریسرچ کونسل انڈیا (آئی ہرک) اور انتظامیہ مساجد کے تعاون سے منعقدہ انیسویں سالانہ حضرت تاج العرفاء سیف شرفی ؒ یادگار خطابات کے چوتھے دن کے اجلاسوںکا آغاز قراء ت کلام پاک سے ہوا۔ انھوں نے سلسلہ کلام جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ روزہ روح کو غالب اور نفس کو مغلوب کرنے کا سبب ہے روزہ میں نفس کی ایک بات نہیں چلتی۔ ہر نفسانی خواہش اور دبائو کو بے اثر کرکے بندگی کے لطف سے مالا مال کرتا ہے۔ اجلاسوں کے آخر میںبارگاہ رسالت ؐ میں سلام گزرانا گیا اور رقت انگیز دعائیںکی گئیں۔