عام آدمی پارٹی کی ملک گیر رکنیت سازی مہم کا آغاز

نئی دہلی 10 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی اسمبلی انتخابات میں اپنی کامیابی سے حوصلہ پاکر عام آدمی پارٹی نے ملک گیر رکنیت سازی مہم کا آغاز کردیا ہے جس کا مقصد 26 جنوری تک کم از کم ایک کروڑ ارکان کو پارٹی میں شامل کرنا ہے تاکہ لوک سبھا انتخابات سے پہلے پارٹی مستحکم ہوسکے۔ عام آدمی پارٹی قائد چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہاکہ میں بھی عام آدمی مہم کے تحت شامل ہوں، کوئی بھی شہری کوئی فیس ادا کئے بغیر پارٹی کا رکن بن سکتا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمارا ہدف 26 جنوری تک پارٹی کے ایک کروڑ ارکان بنانا ہے لیکن رکنیت سازی مہم اِس کے بعد بھی جاری رہے گی۔ وہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔

اُنھوں نے کہاکہ پارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ 10 روپئے ممبرشپ فیس معاف کردی جائے کیونکہ دیکھا گیا ہے کہ کئی لوگ اِس کی بھی گنجائش نہیں رکھتے۔ ممبرشپ فیس معاف کرنے کا فیصلہ قومی عاملہ کے اجلاس میں گزشتہ ہفتہ کیا گیا۔ پارٹی کے قائد گوپال رائے کو خصوصی رکنیت سازی مہم کی ذمہ داری سپرد کی گئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تاحال 3 لاکھ افراد دہلی انتخابات کے بعد آن لائن رجسٹریشن کرواکر پارٹی کے رکن بن چکے ہیں۔ غالباً تاریخ ہند میں یہ پہلی بار ہے جبکہ کسی سیاسی پارٹی کی رکنیت اِس انداز میں عوام کے لئے کھولی گئی ہے۔ یہ ملک گیر سطح کی سب سے بڑی مہم ہے جس کا مقصد لوک سبھا انتخابات سے پہلے عوام سے ربط پیدا کرنا ہے۔ گوپال رائے نے کہاکہ اِس مہم کی کامیابی لوک سبھا انتخابات سے پہلے عام آدمی پارٹی کی اہم حکمت عملیوں میں سے ایک ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ پوری مہم پارٹی کے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کے امکانات کی سطح کا اور بنیادی حقائق کا جائزہ لے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اِس مہم پر بہت کچھ منحصر ہوگا۔ ہمیں معلوم ہوگا کہ کن علاقوں سے ہمیں حمایت حاصل ہوتی ہے اور کتنی حمایت حاصل ہوگی۔ کجریوال نے کہاکہ کوئی بھی شہری موبائیل نمبر 07798220033 پر مِسڈ کال دے کر پارٹی کا رکن بن سکتا ہے۔

اپنے نام، ایس ٹی ڈی کوڈ اور اسمبلی حلقہ کے نام کے ساتھ ایس ایم ایس بھی روانہ کرسکتا ہے جس کے بعد رکنیت نمبر دیا جائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ شہریوں کو آن لائن فارم پُر کرنے کی بھی سہولت عام آدمی پارٹی کی ویب سائیٹ aam aadmi party.org پر دستیاب ہے۔ کوئی بھی شخص پارٹی کا رکن بن سکتا ہے لیکن کوئی ایسا شخص جو تنظیم میں کسی عہدہ پر فائز ہو یا انتخابات کے لئے پارٹی کا امیدوار مقرر کیا جائے اُس کے لئے جانچ کے مرحلہ سے گزرنا لازمی ہوگا۔ اروند کجریوال نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کے رضاکار گھر گھر پہونچیں گے۔ یہ ’’میں بھی عام آدمی‘‘ مہم کا ایک حصہ ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ جن لوگوں کے پاس موبائیل فون نہیں ہے وہ اپنا رائے دہندہ شناختی نمبر دے کر ویب سائیٹ پر 17 جنوری کے بعد اپنا رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔ گوپال رائے نے کہاکہ عام آدمی پارٹی کے تمام ارکان پر زور دیا جاتا ہے کہ وہ جتنے زیادہ ممکن ہوں اتنے افراد کو پارٹی میں شامل کروائیں۔