عام آدمی پارٹی کے بارے میں فیصلہ قبل از وقت :وزیر اعظم

نئی دہلی 3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) عام آدمی پارٹی کے دہلی انتخابات میں حیرت انگیز مظاہرے کے بارے میںاپنا اولین تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کے فیصلے کا احترام کرنا ضروری ہے اور ابھی نئی پارٹی کے تجربہ کامیاب ہوں گے یا نہیں اس کا فیصلہ قبل از وقت ہوگا ۔ ڈاکٹر منموہن سنگھ نے جن کی حکومت کو کرپشن کے مسئلہ پر سخت تنقید کا سامنا ہے اعتراف کیا کہ یہ ایک مسئلہ ہے اور عام آدمی پارٹی کرپشن کے خاتمہ کے بارے میں ان کے دعوی کی بناء پر کامیاب ہوسکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی عوام نے دہلی میں عام آدمی پارٹی پر اعتماد ظاہر کیا ہے ۔

ان کے خیال میں ہمیں جمہوری عمل کا احترام کرنا چاہئے ۔ وہ عام آدمی پارٹی کی قومی دارالحکومت میں انتخابی کامیابی کے بارے میں سوال کا جواب دے رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ وقت ہی بتائے گا کہ ان میں تجربہ کرنے کی اور چیلنجوں سے نمٹنے کی صلاحیت ہے یا نہیں ۔ ہماری معیشت اور سیاست کے مختلف چہرے ہیں۔ابھی کچھ کہنا انہتائی قبل از وقت ہے کیونکہ عام آدمی پارٹی حکومت کو ایک ہفتہ بھی پورا نہیں ہوا ہے انہیں وقت دیا جانا چاہئے اور اپنے آپ کو درست ثابت کرنے کا موقع بھی دیا جانا چاہئے ۔ حالیہ دہلی اسمبلی انتخابات میں 70 نشستی اسمبلی میں سے 28 نشستوں پر عام آدمی پارٹی نے قبضہ کرلیا ہے ۔ ان کے بنیادی نعرے کرپشن کی مخالفت اور قیمتوں میں اضافہ کے خلاف جدوجہد تھے ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کرپشن سے نمٹنا آسان نہیں ہے ۔مختلف سیاسی پارٹیوں کو متحدہ طور پر اس کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔ قیمتوں میں اضافہ کے بارے میں انہوں نے اعتراف کیا کہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی ناکامی کا یہ بھی ایک سبب تھا ۔