عام آدمی پارٹی کی پیشکش اروم شرمیلا نے ٹھکرادی

امپھال ( منی پور) ۔ 15 فبروری ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) منی پور کی آئرن لیڈی ایروم شرمیلا نے سیاست میں آنے سے انکار کردیا ہے ۔ ایروم کو عام آدمی پارٹی نے لوک سبھا الیکشن میں مقابلہ کرنے کی پیشکش کی تھی ، تاہم ایروم جو آرمڈ فورس ایکٹ ( اے ایف ایس پی اے ) کو ختم کرنے کے مطالبہ پر گزشتہ 14 سال سے بھوک ہڑتال کررہی ہیں نے اس پیشکش کو ٹھکرادیا ہے ۔ واضح رہے کہ مذکورہ ایکٹ سکیورٹی فورسیس کو بغیر کسی قانونی کارروائی کے گولی ماردینے کا اختیار دیتا ہے ۔ عام آدمی پارٹی کی جانب سے یہ پیشکش شرمیلا کے حامیوں کے ذریعہ بنائے گئے جسٹ پیس فاؤنڈیشن کے ذریعہ دی گئی تھی ،

تاہم شرمیلا نے جمعہ کو کہا کہ میں پارلیمنٹ میں نہیں آنا چاہتی ہوں ، میں نے کافی غور و فکر کے بعد صبح ہی اس پیشکش کو ٹھکرادیا ہے ۔ منی پور کی اس خاتون آہن پر پولیس نے خودکشی کی کوشش کرنے کے تحت آئی پی سی کی دفع 309 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ فاؤنڈیشن کے رکن اونیل نے کہا کہ وہ کسی بھی طرح کی سیاسی پارٹی میں شامل ہونا نہیں چاہتی ، لیکن انھوں نے کہا ہے کہ وہ کسی سیاسی پارٹی کے ساتھ مل کر نہیں بلکہ وہ لوگوں کے ساتھ لگاتار آزاد حیثیت سے اپنی لڑائی جاری رکھیں گی ۔