عام آدمی پارٹی کا یو پی کی 80 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کا اعلان

امیتھی میں ترقی انتخابی موضوع ہوگا،پارٹی کے ترجمان سنجئے سنگھ کا بیان
لکھنؤ 7 جنوری (سیاست ڈاٹ کام )عام آدمی پارٹی اتر پردیش کی تمام 80 لوک سبھا نشستوں پر مقابلہ کرے گی ۔ پارٹی کے ترجمان سنجئے سنگھ نے جو عام آدمی پارٹی کے قائد اور چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال کے قریبی با اعتماد ساتھی ہے کہا کہ پارٹی صاف ستھری اور دیانتدار سیاست کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے اور امید رکھتی ہے کہ ذات پات اور فرقہ پرستی کی بنیاد پر رائے دہی بالائے طاق رکھ دی جائے گی ۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ یہ دونوں مسائل ریاست یو پی میں اپنی جڑیں مضبوط کرچکے ہیںاور بڑے چیلنج بن کر ابھریں ہیں لیکن انہوں نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ روایتی سیاست تبدیل کردی جائے ۔ عام آدمی ترقی کو ایک بڑے انتخابی نعرے کی حیثیت سے اپنا چکا ہے ۔ سنجئے سنگھ نے کہا کہ عام آدمی پارٹی جلد ہی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دے گی اور 15 فبروری تک لوک سبھا کے انتخابی امیدواروں کی فہرست کا اعلان کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کی طرح عام آدمی پارٹی کے امیدواروں کی عوام کیلئے اہمیت ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قومی عاملہ کا اجلاس اتوار کے دن دہلی میں منعقد ہوچکا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا کہ 20 ریاستوں سے پارٹی کے امیدوار کھڑے کئے جائیں گے ۔ یہ بات تقریبا یقینی ہے کہ کوی کمار وشواس نائب صدر کانگریس راہول گاندھی سے امیتھی حلقہ انتخاب میں مقابلہ کریں گے ۔

عام آدمی پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی صدر کانگریس اور صدر نشین یو پی اے سونیا گاندھی کے خلاف رائے بریلی سے اور سماجوادی پارٹی کے صدر ملائم سنگھ یادو کے خلاف مین پوری سے اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ قبل ازیں سنجئے سنگھ نے کہا تھا کہ عوام چاہتے ہیں کہ عام آدمی پارٹی لوک سبھا انتخابات میں بھی مقابلہ کریں ۔ 15 جنوری تک امیدواروں کو فارم داخل کرنے کا موقع دیا گیا ہے جس پر کم از کم ان کے امکانی حلقہ انتخاب کے 100 افراد کے دستخط ہونے چاہئے ۔ سنجئے سنگھ شیعہ عالم دین کلب جواد سے بھی ملاقات کرکے ان کی تائید طلب کرچکے ہیں۔ امیتھی سے موصولہ اطلاع کے بموجب عام آدمی پارٹی نے آج کہا کہ امیتھی ترقی کے لحاظ سے بہت پیچھے ہیں اور پارٹی اس حلقہ سے ترقی کے انتخابی موضوع پر لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے گی۔ س

نجئے سنگھ نے کہا کہ حالانکہ یہ حلقہ راجیو گاندھی ،سونیا گاندھی اور اب راہول گاندھی کا حلقہ ہے ۔ لیکن امیتھی کے کاشتکاروں کو کئی قسم کی مشکلات کا سامنا ہے ۔ سڑکیں درست نہیں ہے ایک بورا کھاد حاصل کرنا بھی ایک مسئلہ ہے ۔ ٹیوب ویلس ناکارہ ہیںاور ہر طرف کرپشن پھیلا ہوا ہے ۔امیتھی کے عوام خاندانی سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں ۔ عام آدمی پارٹی عوام اور ان کے مسائل کے ساتھ ہیں ۔ چنانچہ امیتھی میں ترقی کو انتخابی موضوع بنایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ امکان ہے کہ کمار وشواس اس نشست سے راہول گاندھی کے خلاف مقابلہ کریں گے اور 12 جنوری کو امیتھی میں جلسہ عام سے خطاب کریں گے ۔ سنجئے سنگھ نے کہا کہ 12 جنوری کے جلسہ عام کی تیاریوں کیلئے عام آدمی پارٹی کے کارکن ایک اجلاس منعقد کرکے جلسہ کی تفصیلات کو قطعیت دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ امیتھی کے عوام اب ترقی چاہتے ہیں ۔ وہ ایک ہی خاندان کی سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ امیتھی میں ہمہ جہتی ترقی کی ضرورت ہے اور عام آدمی پارٹی اسی کیلئے کوشاں ہیں۔