عام آدمی پارٹی ٹوٹنے کے قریب : چیف منسٹر پنجاب

بھٹنڈہ ( پنجاب ) ۔ یکم جون ( پی ٹی آئی ) عام آدمی پارٹی کو تاش کے پتوں کا مجموعہ قرار دیتے ہوئے چیف منسٹر پنجاب مسٹر پرکاش سنگھ بادل نے آج کہا کہ یہ پارٹی اب ٹوٹنے کے قریب ہے کیونکہ اس میں کوئی نظریاتی جذبہ اور جامع منصوبہ بندی نہیں ہے ۔ پرکاش سنگھ بادل نے نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی نے عوام کو سبز باغ دکھاتے ہوئے گمراہ کیا ہے اور جب انہیں دہلی میں عوام نے تائید فراہم کی تو اس کی قیادت وہاں ذمہ داریوں سے فرار ہوگئی ۔ انہوں نے کہا کہ عام آدمی پارٹی صرف مختصر مدتی نظریہ تھی اور اب یہ ٹوٹنے کے قریب ہے ۔ اس کے اہم قائدین میں جو ناراضگی ہے اس سے واضح ہوجاتا ہے کہ پارٹی کے دن اب بہت کم رہ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات نوٹ کرنے کی ہے کہ پارٹی کے کئی اہم قائدین نے پارٹی سے استعفی دیدیا ہے اور یہ ظاہر ہوتا ہے کہ پارٹی اب خاتمہ کی سمت بڑھ رہی ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کا کوئی نظریاتی جذبہ نہیں ہے اور نہ ہی اس کے پاس عوام کیلئے کوئی پروگرام ہے ۔