عام آدمی پارٹی لوک سبھا امیدواروں کی پہلی فہرست جاری

نئی دہلی 16 فروری (سیاست ڈاٹ کام )دہلی حکومت سے استعفی دینے کے صرف دو دن بعد ہی عام آدمی پارٹی نے آنے والے لوک سبھا انتخابات پر اپنی توجہ مرکوز کرتے ہوئے امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے۔ لوک سبھا امیدواروں کیلئے اپنی پہلی فہرست کے حصہ کے طور پر 20 نشستوں کو قطعیت دیتے ہوئے پارٹی نے اعلان کیا کہ سابق جرنلسٹ اور عام آدمی پارٹی کے ترجمان اشوتوش دہلی میں چاندنی چوک سے مرکزی وزیر کپل سبل کے خلاف مقابلہ کریں گے۔ پارٹی کے مکل ترپاٹھی فرخ آباد و حلقہ سے وزیر خارجہ سلمان خورشید کے خلاف امیدوار ہوں گے اس دوران سینئر وکیل ایچ ایس پھوسکا مرکزی وزیر اطلاعات و نشریات منیش تیواری کے خلاف پارٹی کے خلاف لدھیانہ پنجاب سے مقابلہ کریں گے۔ فہرست کا اعلان کرتے ہوئے عام آدمی پارٹی کے منیش شیشوڈیا نے کہا کہ انجلی ڈامینا بھی ناگپور سے نیتن گڈگری کے خلاف مقابلہ کریں گی اور اس بات کی توثیق کی کہ امیٹھی میں راہول گاندھی کے خلاف کمار وسواس عام آدمی پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔ سماجی کارکن میدھا پاٹکر ممبئی (شمال مشرق) سے مقابلہ کریں گی اور یوگیندر یادو گڑ گاوں سے امیدوار ہوں گے ۔ اس دوران پارٹی لیڈر سابق چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال نے کانگریس اور بی جے پی پر شدید تنقید کی اور گیاس کی قیمتوں پر ان کے موقف کا سوال اٹھایا۔

یہ بھی استفسار کیا کہ آخر ریلانس انڈسٹری کے مالک مکیش امبانی اور اڈوانی کے ساتھ ان کے تعلقات کس بنیاد پر قائم ہیں۔ مائیکرو بلاگنگ ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر سلسلہ وار پیامات میں کجریوال نے بی جے پی کے وزارت عظمی کے امیدوار نریندر مودی اور کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی پر شدید تنقید کی۔ کجریوال نے ایک تبصرے میں نریندر مودی سے کہا کہ وہ گیاس کمپنیوں پر اپنی خاموشی توڑیں اور مکیش امبانی و اڈوانی سے پارٹی اور ان کے تعلقات کے بارے میں عوام کو بتائیں۔ کجریوال نے کہا کہ مودی کو آج کے جلسہ عام میں اس مسئلہ پر سچائی بیان کرنی چاہئے۔ عام آدمی پارٹی لیڈر نے راہول گاندھی کی جانب سے امبانی کی مبینہ حمایت کرتے ہوئے گیاس کی اونچی قیمتوں کے حق میں تائید کرنے کا سوال اٹھایا ہے۔ انہوں نے ٹوئیٹر پر لکھا ہے کہ آخر راہول گاندھی مکیش امبانی کیلئے اونچی قیمتوں والی گیاس کی حمایت کیوں کررہے ہیں۔ کیا یہ کانگریس امبانی کی دوکان ہے جیسا کہ دعوی کیا گیا ہے؟ راہول گاندھی کو بھی آج کے جلسہ میں حقیقت کا اظہار کرنا ہوگا ۔ عام آدمی پارٹی شروع سے ہی اس مسئلہ پر دونوں قائدین (مودی اور راہول) پر تنقید کررہی ہے۔ عام آدمی پارٹی زیر قیادت دہلی حکومت نے مکیش امبانی اور مرکزی وزیر پٹرولیم ویرپا موئیل کے خلاف ایف آئی آر درج کروایا ہے۔ ان کی پارٹی 2014 عام انتخابات سے قبل گیاس کی قیمت کو انتخابی مسئلہ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔