عامر خان کی فلم ’’ پی کے ‘‘ پر تنازعہ

مشہور ناول ’ فرشتہ ‘ سے کرداروں کے سرقہ کی تردید
نئی دہلی۔/8ڈسمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) عامر خان کی مشہور فلم ’’ پی کے ‘‘ (PK) کے پروڈیوسر اور ڈائرکٹر نے آج دہلی کی عدالت میں ایک ناول نگار کے اس دعویٰ کی تردید کی ہے کہ سال 2013ء میں شائع تصنیف ’ فرشتہ ‘ سے بعض حصوں ( کرداروں ) کا سرقہ کرلیا گیا ہے۔ ناول نگار کپیل ایساپوری کی شکایت کو مسترد کردینے کی درخواست کرتے ہوئے فلمساز ودھو ونود چوپڑا اور راجکمار ہیرانی نے بتایا کہ ہم نے ایسی کوئی حرکت نہیں کی ہے جس کے باعث انہیں ( کپیل ) کو نقصان پہنچا ہو اور نہ ہی ہم نے ناول نگار کی حق تلفی کی ہے جیسا کہ شکایت کنندہ نے کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فلم کی حقیقی کہانی کا سرقہ کرلینے کا الزام عائد کیا ہے۔ فلم کے ڈائرکٹر اور پروڈیوسر نے یہ دعویٰ کیا ہے کہ ان کی ایک باوقار پروڈکشن کمپنی ہے اور اسکرپٹ رائٹر ابھیجیت جوشی ایک بہترین تخلیق کار ہیں انہیں کسی ناول سے کرداروں کے سرقہ کی ضرورت نہیں ہے۔ جبکہ کپیل ایساپوری نے ناول سے بعض کرداروں کے سرقہ پر 4کروڑ کا ہرجانہ طلب کیا ہے۔ فلمسازوں کے وکیل نے یہ استدلال پیش کیا کہ یہ فلم ملک بھر میں کامیابی کے جھنڈے لہرادیئے ہیں جس کے باعث درخواست گذار مایوسی کا شکار ہوگئے ہیں اس کے سواء کچھ بھی نہیں ہے۔واضح رہے کہ یہ فلم تھیٹروں میں ریلیز سے قبل ہی تنازعہ کا شکار ہوگئی تھی جس میں توہم پرستی اور اندھی عقیدت کے خلاف عوام کو شعور بیدار کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ لیکن مذہبی حلقوں نے شدید اعتراض کیا تھا اور بعض تنظیموں نے تھیٹروں پر حملہ بھی کیا تھا۔