عامر اور ریاض ورلڈکپ ٹیم میں شامل،جنید اور فہیم باہر

لاہور۔20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے ورلڈکپ 2019 کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے حتمی اسکواڈ کا اعلان کردیا جس میں محمد عامر، وہاب ریاض اور آصف علی کی واپسی ہوئی ہے جبکہ شاداب خان کو بھی اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا۔ پی سی بی ہیڈکوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ فہیم اشرف کی جگہ وہاب ریاض، جنید خان کی جگہ محمد عامر، یاسر شاہ کی جگہ شاداب خان اور عابد علی کی جگہ آصف علی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ اسکواڈ کپتان سرفراز احمد، امام الحق، فخرزمان، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، محمد عامر، وہاب ریاض، حسن علی، محمد حسنین، آصف علی، حارث سہیل اور شاداب خان شامل ہیں۔ٹیم میں وہاب ریاض کی شمولیت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ہم نے وہاب ریاض کو بالکل نظر انداز نہیں کیا تھا۔ ہم نے انگلینڈ ٹیم بھیجی تھی تو یہ اندازہ نہیں تھا کہ وہاں بیٹنگ کو مدد ملے گی اور اہم نے دیکھا کہ انگلینڈ نے تقریباً 1450 سے زیادہ رنز بنائے اور پاکستان نے ساڑھے 13 سو رنز بنائے جس میں واضح فرق فیلڈنگ ہے۔ ہم نے اندازہ لگایا کہ انگلینڈ میں عموماً گیند کو سوئنگ ملتا ہے لیکن اس مرتبہ یہ دیکھنے میں آیا ہے کہ گیندکو سوئنگ نہیں ملا، تاہم اسی چیز کو مد نظر رکھتے ہوئے وہاب ریاض کو ٹیم میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ وہ ایک تجربہ کار بولر ہیں اور وہ پرانی گیند سے ریورس سوئنگ بھی کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ محسوس ہوا کہ بولنگ کو تجربے کی کمی محسوس ہورہی تھی، تاہم اسی لئے محمد عامر کو بھی شامل کیا گیا ہے کیونکہ اس کا انگلینڈ میں بہت تجربہ ہے۔ جنید خان کو ٹیم سے نکالنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انضمام الحق نے کہا کہ ہم نے یہ دیکھا ہے کہ اس وقت ان حالات پر کون سے کھلاڑی کی ضرورت ہے، جنید خان اور فہیم اشرف بھی اچھے بولرس ہیں، اسی لیے انہیں ٹیم میں شامل کیا گیا تھا لیکن حالات کو دیکھتے ہوئے عامر اور وہاب کو رکھا گیا ہے۔
آصف علی کی شمولیت پر بات کرتے ہوئے انضمام الحق نے کہا کہ عابد علی کو ٹیم سے باہر کرنا ایک بہت ہی مشکل فیصلہ تھا، تاہم پاکستان کو آخری اوورز میں ایسے کھلاڑی کی ضرورت ہے جو تیز کھیل سکے اور آصف علی یہ صلاحیت رکھتے ہیں۔ ٹیم کی کارکردگی کا دفاع کرتے ہوئے چیف سلیکٹر نے کہا کہ ہماری ٹیم نوجوانوں پر مشتمل ہے، جس کی کارکردگی خراب تو رہی ہے لیکن اسی ٹیم نے پاکستان کو کامیابیوں سے ہمکنار کیا تھا۔