عالم اسلام کے مستقبل کو بہتر بنانے شاہ سلمان کا عزم

مکہ مکرمہ ۔ 12 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہیکہ سعودی عرب اتحاد بین المسلمین اور مسلمانان عالم کی امنگوں و آرزوؤں کی تکمیل کیلئے اپنا مشن ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جاری و ساری رکھے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار مکہ مکرمہ میں ’’اتحاد بین المسلمین: درجہ بندی اور دیوار سے لگانے کے خطرات‘‘ کے موضوع پر منعقد ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کے نام اپنے اس پیغام میں کیا جسے ان کی جانب سے گورنر مکہ مکرمہ شہزادہ خالد الفیصل نے پڑھ کر سنایا۔ شاہ سلمان نے امت مسلمہ میں پائی جانے والی خلیج کو پاٹنے، اتحاد و اتفاق کو راسخ کرنے اور پوری دنیا کے سامنے ایک نصب العین پیش کرنے کی خاطر مقدس شہر آنے پر امت کی منتخب شخصیات کو خوش آمدید بھی کہا اور ان کے تئیں ممنونیت کے جذبات کا بھی اظہار کیا۔ شاہ سلمان نے کہا کہ امت مسلمہ کو مشکلات کے بھنور سے نکالنے اور اتحاد و اتفاق کی شاہراہ پر گامزن کرنے کیلئے اللہ تعالیٰ کے بعد آپ حضرات ہی امت کا سہارا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں صرف مسلمانان عالم ہی نہیں بلکہ بنی نوع انسان کی صلاح و فلاح کی بھی جدوجہد کرنا ہے۔ انہوں نے مذکورہ کانفرنس کے اہتمام اور انعقاد پر رابطہ عالم اسلام کی تعریف و تحسین کی۔شاہ سلمان نے مہمان علمائے کرام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج آپ جس مقصد کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں وہ معمولی نہیں بلکہ غیرمعمولی ہے۔ یہ مسئلہ امت مسلمہ سے نفرت و عداوت اور اسلام کیخلاف صدیوں پر محیط پروپگنڈہ مہم کا نتیجہ ہے۔