عالمی سطح پر حیدرآباد کے وقار میں غیر معمولی اضافہ : کے ٹی آر

جی ای ایس کا انعقاد تلنگانہ کے لیے اعزاز ، ریاست پر بیرونی صنعتکاروں کی نظریں
حیدرآباد ۔ 30 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : ریاستی وزیر صنعت و آئی ٹی کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ کو گلوبل انٹرپرینر سمٹ کا انعقاد کرنے کا اعزاز حاصل ہونے سے عالمی اُفق پر شہر حیدرآباد کے وقار میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ بڑے پیمانے پر تلنگانہ میں سرمایہ کاری ہونے کے امکانات بڑھ گئے ہیں ۔ عالمی چوٹی کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ ان تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھایا جائیگا ۔ طلبہ کے لیے انوویشن سیل کا قیام عمل میں لایا جائے گا ۔ الکٹرانک گاڑیوں کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔ وزیر آئی ٹی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں سب سے پہلے حیدرآباد میں گلوبل انٹرپرینیر سمٹ کا انعقاد ہوا ہے جس سے حیدرآباد کی شان و شوکت میں اضافہ ہوا ہے ۔ عالمی کانفرنس کی مہمان نوازی قبول کرکے ریاستی حکومت فخر محسوس کررہی ہے ۔ نیتی ایوگ کے مقابلوں میں سرگرم رول ادا کرنے سے ریاست تلنگانہ کو عالمی کانفرنس کا انعقاد کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ 142 ممالک کے تقریبا 1500 مندوبین 2000 صنعتکاروں نے کانفرنس میں حصہ لیا ہے ۔ حیدرآباد کا ٹی ہب جیسا بہت بڑا انکیوبیٹر بھی کار آمد ثابت ہوا ہے ۔ نیتی ایوگ کے سی ای او امیتابھ کانت نے بھی اس کا اعتراف کیا ہے ۔ یہ کانفرنس ایک طرف نوجوان اور دوسری طرف خواتین صنعتکاروں کی حوصلہ افزائی میں معاون ثابت ہوئی ہے ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے 8 مارچ 2017 کو 3 پارکس کی پالیسیوں کا اعلان کیا ۔ جس میں خواتین صنعتکاروں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے ۔ صنعتوں کے قیام میں خواتین کو پیش ہونے والی دشواریوں اور رکاوٹوں کو ترجیحی بنیاد پر دور کیا جائیگا ۔ وزیر صنعت کے ٹی آر نے کہا کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی دختر کے حیدرآباد پہونچنے سے بہت فائدہ ہوا ہے ۔ ایوانکا ٹرمپ کے بشمول امریکی مندوبین کو حکومت تلنگانہ کی صنعتی پالیسی سے واقف کرانے اور سرمایہ کاری کرنے کی ترغیب دینے کا سنہرا موقع حاصل ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیرونی کمپنیاں اور کارپوریٹ ادارے ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو ان کی سب سے پہلی پسند تلنگانہ ہوگی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ الکٹرانک گاڑیوں کا گہرائی سے جائزہ لیا جارہا ہے ۔ ساتھ ہی دوسری حکومتوں کی پالیسیوں پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ اس پر دسمبر میں حکومت اپنی پالیسی کا اعلان کرے گی ۔