عالمی بینک کا سربراہ بننے میں دلچسپی نہیں تھی : ایوانکا

عابد جیان (آئیوری کوسٹ) ۔ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس کی سینئر مشیر ایوانکا ٹرمپ نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ان کے والد صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ان سے کہا تھا کہ کیا وہ (ایوانکا) عالمی بینک کی سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں سنبھالنے میں دلچسپی رکھتی ہیں جس کا انہوں نے (ایوانکا) کوئی خاص نوٹ نہیں لیا۔ ایسوسی ایٹیڈ پریس کے ایک انٹرویو کے دوران ایوانکا نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ میں فی الحال وہ جو ذمہ داریاں نبھارہی ہیں، وہ اس سے مطمئن ہیں۔ ایوانکا اس وقت گلوبل ویمنس انیشیٹو کو فروغ دینے افریقہ کے دورہ پر ہیں۔ یاد رہیکہ کچھ روز قبل صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے دی اٹلانٹک سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے ایوانکا ٹرمپ کو عالمی بینک کا سربراہ بنانے پر بھی خوروخوض کیا تھا کیونکہ ایوانکا ریاضی میں ماہر ہے اور اس عہدہ پر لاجواب ثابت ہوسکتی تھی۔ ایوانکا سے جب یہ پوچھا گیا کہ کیا ان کے والد نے دیگر اہم عہدوں کیلئے ان سے (ایوانکا) ربط پیدا کیا تھا؟ جس کا جواب دیتے ہوئے ایوانکا نے کہا کہ یہ میرے اور میرے والد کے درمیان کا شخصی معاملہ ہے۔