عاشور خانوں کی تعمیر و مرمت اور تزئن نو کے لیے ایک کروڑ گرانٹ کی اجرائی

محرم انتظامات کا جائزہ ، تلنگانہ وقف بورڈ کے عہدیداروں کا اجلاس
حیدرآباد ۔ 29۔ ستمبر (سیاست نیوز) محرم کے دوران عاشور خانوں کی تعمیر و مرمت اور تزئین نو کیلئے تلنگانہ وقف بورڈ کی جانب سے تقریباً ایک کروڑ روپئے بطور گرانٹ ان ایڈ جاری کئے گئے ۔ ان میں سبیلوں کے اہتمام کے سلسلہ میں دی جانے والی امداد بھی شامل ہے۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج چیف اگزیکیٹیو آفیسر منان فاروقی اور دیگر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے محرم کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گرانٹ ان ایڈ کے طور پر عاشور خانوں کو جاری کی گئی امداد کی تفصیلات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ گرانٹ ان ایڈ کے سلسلہ میں درخواستوں کو زیر التواء نہ رکھا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وقف بورڈ کی گرانٹ سے کئی عاشور خانوں کی تعمیر و مرمت کا کام انجام دیا گیا ہے ۔ انہوں نے محرم کے دوران بہتر انتظامات کو یقینی بنانے چیف اگزیکیٹیو آفیسر کو عاشور خانوں کا دورہ کرنے کی ہدایت دی کیونکہ وہ عمرہ کیلئے روانہ ہورہے ہیں۔ منان فاروقی کل 30 ستمبر کو اہم عاشور خانوں کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیں گے ۔ محمد سلیم نے برقی ، آبرسانی اور پولیس کے عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے 10 محرم یوم عاشورہ کے انتظامات پر بات چیت کی۔ انہوں نے ایام عزاء کے دوران بلا وقفہ برقی کی سربراہی اور صحت و صفائی کے موثر انتظامات پر زور دیا۔ محمد سلیم نے خانم میٹ کی مسجد عالمگیر کو آباد کرنے کیلئے تعمیری منصوبہ کو منظوری دی ہے ۔ تقریباً 10 لاکھ روپئے کے خرچ سے مسجد کی حصار بندی اور تزئین نو کا کام انجام دیا جائے گا ۔ اس مسجد کو غیر آباد رکھ کر غیر مجاز قابضین وقف اراضی پر تعمیرات کا منصوبہ رکھتے تھے ۔ انہوں نے متعلقہ پولیس عہدیداروں سے ربط قائم کرتے ہوئے مسجد کے تعمیری کاموں میں تعاون کی خواہش کی تاکہ غیر مجاز قابضین مداخلت نہ کرسکیں۔ محمد سلیم نے درگاہ حضرات یوسفین نامپلی میں تعمیری سرگرمیوں کیلئے 4 علحدہ پلان طلب کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ عمرہ سے واپسی کے بعد بہتر تعمیری پلان کو منظوری دی جائے گی جس کے تحت درگاہ میں وضو خانہ ، بیت الخلاء ، سماع خانہ تعمیر کیا جائے گا ۔ دو کروڑ روپئے کے تعمیری منصوبہ سے زائرین کیلئے بہتر سہولتوںکی فراہمی عمل میں آئے گی ۔