عازمین کی بہت جلد روانگی کا آغاز‘ پیدل چلنے کی عادت ڈالنے کا مشورہ

احتیاط کے ساتھ مناسک ادا کرنے پر زور: پروفیسر ایس اے شکور‘ مولانا قاضی اعظم علی صوفی و دیگر علما کا خطاب
حیدرآباد30 جولائی ( پریس نوٹ ) مولانا سید اعظم علی صوفی صدر کل ہند جمیعتہ المشائخ نے عازمین حج و عمر ہ پر زوردیا کہ وہ سفر حج کے مقصد کو ہمیشہ اپنے پیش نظر رکھیں اور اس سفر کے دوران لڑائی جھگڑا‘ فسق و فجور اور فحش کلامی سے گریز کریں ۔ انتہائی احتیاط کے ساتھ حج و عمرہ کے مناسک ادا کریں ‘ لاپرواہی اور غفلت سے دم لازم آتا ہے۔ انہو ںنے آج جامع مسجد سکندرآباد میں تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کے تربیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے فضائل و مناسک حج و عمرہ بیان کرتے ہوئے ماڈلس‘ چارٹس کی مدد سے حج و عمرہ سے متعلق اہم امور کی وضاحت کی۔ اورعازمین کے سوالات کے جواب بھی دیئے۔ پرو فیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی نے کہا ہے کہ پہلے مرحلہ کے حجاج کرام مدینہ منورہ پہنچ چکے ہیں اور ان کو وہاں سم کارڈز ایکٹی ویشن میں مسئلہ پیش آرہا ہے اس لئے عازمین اس معاملہ میں صبر و سکون سے کام لیں ۔ ا س مرتبہ عازمین کو الکٹرانک بریس لیٹ دئے جارہے ہیں جس میںایک چپ ہوتی ہے ‘عازمین حج اسے ہمیشہ پہنے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں دو ہزار روپئے کے ہندوستانی کرنسی نوٹ چلیں گے اور یہ افواہیں غلط ہیں کہ یہ نوٹ نہیں چلنے والے ہیں‘حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کو حج گائیڈ فراہم کی جائے گی جس میں تمام اہم تفصیلات اور اہم فون نمبر شامل رہیں گے ۔ اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے کہا کہ اس مرتبہ جمبو فلائٹس رہیں گی اور ہر فلائیٹ میں 450 عازمین رہیں گے۔

انہو ںنے خواتین کو مشورہ دیا کہ وہ روانگی سے قبل ہاتھوں پر مہندی نہ لگائیں کیونکہ اس سے فنگر پرنٹس برابر نہیں آتے اور سم کارڈز‘ امیگریشن وغیر ہ میں دشواری ہوسکتی ہے۔ حج سے دو دن قبل اور حج کے دو دن بعد عزیزیہ سے بسیں بند رہیں گی اس لئے عازمین کوئی اور بندوبست کرسکتے ہیں۔ حاجی صاحبان کا لگیج 55کلو سے زائد نہ ہونا چاہئے جس میں دو سوٹ کیس اور ہینڈ کیری شامل ہوں گے ۔ ہینڈ کیری دس کلو کا ہوگا۔ سوٹ کیس پر اپنا نام اور کور نمبر واضح طور پر لکھوائیں۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ عازمین کی روانگی کے لئے بہت کم وقت رہ گیا ہے‘ ریاستی حج کمیٹی کی جانب سے تمام ضروری انتظامات شروع کردیئے گئے ہیں۔ عازمین کو چاہئے کہ وہ روزانہ چار پانچ کلو میٹر پیدل چلنے کی عادت ڈالیں کیونکہ حج کے دوران پیدل چلنا پڑتا ہے اگر عادت نہ ہو تو دشواری ہوسکتی ہے۔ مولانا فصیح الدین نظامی خطیب جامع مسجد نے روضہ نبوی ﷺ کی زیارت کے آداب و فضائل بیان کرتے ہوئے کہاکہ شہر نبی ﷺ انتہائی ادب و احترام کامقام ہے۔ یہاں آواز بلند نہ کریں‘ یہاں کی زیارت گاہوں کو بھی جائیں‘ انہو ںنے اہم زیارت گاہوں کی تفصیل بھی بیان کی۔ جناب سید قدیر الدین مسیح صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد نے نگرانی کی۔ حج کمیٹی کے عہدیدار جناب عرفان شریف بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔ قاری محمد اقبال کی قرأت کلام پاک اور جناب محمد قاسم کی نعت شریف سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ خواتین کے لئے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔