عازمین حج کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کا تیقن، حج کمیٹی کے منظورہ کوٹہ کو قطعیت

حیدرآباد سے تین ریاستوں کے سات ہزار عازمین کی روانگی، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس سے خطاب
حیدرآباد۔/30اگسٹ، ( سیاست نیوز) حج کیمپ 2014 کا 12 ستمبر سے آغاز ہوگا اور تلنگانہ ریاست کے اس پہلے حج کیمپ سے تین ریاستوں کے 7000 سے زائد عازمین حج بیت اللہ کی سعادت حاصل کرنے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ 20سے زائد سرکاری و نیم سرکاری محکمہ جات اور اداروں کے ذمہ داروں کے ساتھ آج اعلیٰ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تمام محکمہ جات اور اداروں نے حج کیمپ کے کامیاب انعقاد اور عازمین حج کو ہر ممکن سہولتوں کی فراہمی کا یقین دلایا۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی نے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں دونوں ریاستوں تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی۔ ریاستی حج کمیٹی کے لئے منظورہ کوٹہ کے مطابق 5379 عازمین کی روانگی کو قطعیت دی جاچکی ہے۔ اس کے علاوہ ویٹنگ لسٹ کے 714اور مرکزی کوٹہ اور عازمین کے محرم زمرے کے تحت 33عازمین کی روانگی کو منظوری دی گئی۔ اس طرح جملہ 6126 عازمین حج تلنگانہ اور آندھرا پردیش سعودی ایر لائنز کی پروازوں سے بحالت احرام جدہ روانہ ہوں گے ان میں آندھرا پردیش کے عازمین کی تعداد 1502 ہے۔ ان کے علاوہ کرناٹک سے تقریباً 1000 عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے۔ اس طرح ریاستی حج کمیٹی کی نگرانی میں جملہ 7ہزار سے زائد عازمین حج کی روانگی عمل میں آئے گی۔ اضلاع کے عازمین حج روانگی سے 48گھنٹے قبل حج کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔ پہلا قافلہ 14ستمبر کو 11:30بجے دن پرواز کرے گا۔ اس قافلہ کے عازمین صبح 7بجے حج ہاوز سے خصوصی بسوں کے ذریعہ شمس آباد انٹرنیشنل ایرپورٹ روانہ ہوں گے۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ محمد محمود علی پہلے قافلہ کو جھنڈی دکھاکر وداع کریں گے جبکہ دوسرے دن 15ستمبر کے قافلہ کو چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ حج ہاوز سے وداع کریں گے۔ حج کمیٹی کی جانب سے تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے عازمین کیلئے روانگی اور واپسی کا علحدہ علحدہ شیڈول تیار کیا جارہا ہے جسے بہت جلد قطعیت دے دی جائے گی۔کرناٹک کے بیدر، رائچور، گلبرگہ، اودگیر اور یادگیر کے عازمین حیدرآباد سے روانہ ہوں گے جبکہ چتور اور اننت پور کے عازمین بنگلور سے پرواز کریں گے۔ مختلف محکمہ جات کے ساتھ جائزہ اجلاس میں حج کیمپ اور ایر پورٹ پر حج ٹرمنل کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا اور تمام محکمہ جات کو ان کی ذمہ داریوں سے واقف کرایا گیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمود علی نے کہا کہ حج کیمپ کے انعقاد کیلئے حکومت 2کروڑ روپئے بیک وقت جاری کردے گی جبکہ سابق میں یہ رقم اقساط میں جاری کی جاتی رہی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ تلنگانہ ریاست کے پہلے حج کیمپ میں شاندار انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت دے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ حج کیمپ میں جو بھی نقائص رہ گئے تھے ان کی تلافی کردی جائے گی۔ محمود علی نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عازمین حج کی حیدرآباد سے روانگی اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے ان کی خدمت کو وہ ایک اعزاز تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے عازمین بھی ہمارے بھائی ہیں اور تلنگانہ حکومت ان کیلئے بھی موثر انتظامات کرے گی۔ انہوں نے اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ تشکیل تلنگانہ کے بعد سے تلنگانہ ریاست میں مختلف عید اور تہوار عوام مل جل کر منارہے ہیں اور یہی تلنگانہ تہذیب کی مثال ہے۔ محمود علی نے جی ایم آر حکام سے خواہش کی کہ وہ حجاج کرام کی واپسی کے موقع پر حج ٹرمنل میں سامان کی منتقلی کیلئے بیلٹ نصب کریں اور وہاں مکمل ایرکنڈیشنڈ کا انتظام کیا جائے۔ کسٹمس، ایمیگریشن اور دیگر حکام نے حج ہاوز میں ہی تمام ضروری اُمور کی تکمیل کا یقین دلایا جبکہ پولیس نے عازمین حج کی بسوں کے ایر پورٹ بروقت پہنچنے کیلئے موثر انتظامات کا تیقن دیا ہے۔ عازمین حج کے لگیج کے حصول اور دیگر اُمور کے علاوہ بورڈنگ کارڈ بھی حج ہاوز میں ہی حوالے کردیا جائے گا۔ اس کے علاوہ فی عازم 2100ریال حج ہاوز میں ہی حوالے کئے جائیں گے۔ پروفیسر ایس اے شکور اسپیشل آفیسر حج کمیٹی نے خیرمقدم کیا اور اس اعلیٰ سطحی اجلاس کے مقاصد سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ حج کیمپ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنانا اس اجلاس کا مقصد ہے تاکہ تمام محکمہ جات سے تعاون حاصل کیا جائے۔ سکریٹری اقلیتی بہبود احمد ندیم نے اجلاس کے ایجنڈے کی تفصیلات بیان کی اور 12ستمبر تا 30ستمبر حج کیمپ کے کامیاب انعقاد کے سلسلہ میں تمام محکمہ جات کے تعاون کو ناگزیر قرار دیا۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود آندھرا پردیش سید عمر جلیل نے کہا کہ وہ 2001ء سے حج کیمپ کے انتظامات سے واقف ہیں اور تمام محکمہ جات غیر معمولی تعاون کرتے رہے ہیں۔ سعودی ایر لائنز کے حکام نے حج ٹرمنل میں عازمین کو اسناکس فراہم کرنے اور فلائٹ کی روانگی میں 3 گھنٹے تاخیر کی صورت میں کھانا اور 6گھنٹے سے زائد تاخیر کی صورت میں ہوٹل میں قیام کی سہولت دینے سے اتفاق کیا۔ سعودی ایر لائنز نے آبِ زم زم کی تقسیم کا کام حج کمیٹی کے حوالے کرنے سے بھی اتفاق کرلیا۔ حجاج کرام کی واپسی پر حج کمیٹی انہیں فی عازم 5لیٹر کے حساب سے زم زم حوالے کرے گی۔ حکام نے حج ٹرمنل میں ضعیف عازمین کیلئے آرام دہ کرسیوں کی فراہمی اور وزیٹرس کیلئے خصوصی شامیانہ اور فلائیٹ سے متعلق لاؤڈ اسپیکر پر اعلانات کے انتظامات سے اتفاق کیا۔ سی آئی ایس ایف کے حکام نے خواہش کی کہ عازمین حج ممنوعہ اشیاء اپنے ساتھ نہ رکھیں تاکہ انہیں کوئی دشواری نہ ہو۔ پولیس اور ٹریفک حکام نے موثر انتظامات کا تیقن دیا جبکہ پولیس کی جانب سے حج ہاوز اور ٹرمنل پر 24گھنٹے نگرانی کیلئے خصوصی عہدیدار متعین کئے جائیں گے۔ محکمہ بلدیہ اور برقی نے بھی ہر ممکن تعاون، صفائی کے انتظامات اور بلاوقفہ برقی سربراہی اور موبائیل ٹرانسفارمر نصب کرنے کا تیقن دیا۔ اجلاس میں وائی گنگادھر جوائنٹ کمشنر پولیس، وی کملاسن ریڈی ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون، ایس ستیہ نارائنا ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس، آر سدرشن اے سی پی شمس آباد، محمد ریاض الحق اے سی پی، سعودی ایرلائنز کے عہدیداروں ذکاء اللہ صدیقی، پریم کمار، فیصل صدیقی، ایس کے سنگھ، افتخار احمد، کسٹمز سے داسری بالیا، ساجد غوری، ایمیگریشن سے بمل کمار، آر ٹی سی سے اظہر احمد، شاہ ولی، ایرپورٹ اتھارٹی سے یشپال سنگھ، سنٹرل حج کمیٹی کے نمائندہ عبدالحق، ڈائرکٹر اقلیتی بہبود محمد جلال الدین اکبر، ایکزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی عبدالحمید اور دوسروں نے شرکت کی۔