عادی سارق گرفتار ، مسروقہ مال ضبط

گھر کا باورچی گرفتار ، ڈی سی پی ویسٹ زون وینکٹیشور راؤ کا بیان
حیدرآباد۔ /29 اپریل (سیاست نیوز)  ایس آر نگر پولیس نے ایک عادی سارق کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی اور اس کے قبضے سے قیمتی طلائی زیورات ، ہیروں کے نیکلس اور دیگر اشیاء  برآمد کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس ویسٹ زون مسٹر اے وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ 21 سالہ شیوناتھ مکھیا جو پیشہ سے باورچی ہے اور اس کا تعلق دربھنگہ بہار سے ہے وہ 2014 ء میں حیدرآباد روزگار کی تلاش میں منتقل ہوا تھا اور بنجارہ ہلز علاقہ میں سرقہ میں ملوث ہونے پر اسے گرفتار کیا گیا تھا ۔ ضمانت پر رہا ہونے کے بعد اس نے دوبارہ سیف آباد اور ماریڈ پلی پولیس اسٹیشن حدود میں سرقہ کی وارداتیں انجام دی تھیں ۔ جاریہ سال جنوری میں اس نے لکشمی نارائینا تن والا کے مکان میں باورچی کی حیثیت سے ملازمت حاصل کی اور اس نے دوران ملازمت مکان کے تمام قفلوں کے نقلی چابیاں تیار کرلی ۔ /18 اپریل کو اس نے ایک منصوبہ کے تحت اس وقت اپنے مالک مکان میں سرقہ کی واردات انجام دی جب وہ ایک تقریب میں شرکت کیلئے باہر گئے ہوئے تھے ۔ اس واردات میں مکھیہ نے ہیرے کی انگوٹھیوں ، طلائی چین ، ڈائمنڈ کے نیکلس اور قیمتی نگینوں کے علاوہ ڈھائی لاکھ نقد رقم کا سرقہ کرلیا تھا ۔ ایس آر نگر انسپکٹر مسٹر محمد وحید الدین نے علاقہ کے سی سی ٹی وی فوٹیجیس کا تجزیہ کیا اور شیوناتھ مکھیہ کے ملوث ہونے کا پتہ لگایا ۔ پولیس نے گرفتار سارق کے قبضے سے مسروقہ مال برآمد کرلیا اور اسے عدالت میں پیش کرتے ہوئے جیل منتقل کردیا ۔