عادی سارق کیخلاف پی ڈی ایکٹ کا نفاذ

حیدرآباد 30 جولائی (سیاست نیوز) جرائم پیشہ افراد کی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے جاری کارروائی کے تحت کمشنر پولیس نے ایک عادی سارق محمد احمد خان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے اُسے جیل بھیج دیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 42 سالہ محمد احمد خان ساکن چنتل میٹ راجندر نگر سابق میں بہادر پورہ میں رہتا تھا اور شہر حیدرآباد کے مختلف مقامات پر 8 سے زائد سرقہ کی سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ مذکورہ عادی سارق کی غیر قانونی سرگرمیوں کے نتیجہ میں عوام خوفزدہ تھے اور پولیس نے اس کی سرگرمیوں کو روکنے کے لئے پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کمشنر پولیس مسٹر انجنی کمار نے محمد احمد خان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے اُسے چنچل گوڑہ جیل منتقل کردیا۔