عادل آباد میں ایک سب انسپکٹر کی خودکشی

حیدرآباد 30 اگسٹ (پی ٹی آئی) تلنگانہ میں ضلع عادل آباد کے تحت کیرامیری پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں 27 سالہ سب انسپکٹر نے اپنے سر پر گولی چلاتے ہوئے خودکشی کرلیا۔ جہاں دستیاب ایک خودکشی نوٹ کے مطابق مہلوک کے سریدھر گزشتہ ایک سال سے ذہنی تناؤ کا شکار تھا جس کی بناء پر یہ انتہائی قدم اُٹھایا ہے۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے کہاکہ سریدھر نے پولیس اسٹیشن کے احاطہ میں واقع رہائشی کوارٹرس میں 8.30 بجے سرویس ریوالور سے اپنی کنپٹی پر گولی چلا لیا تھا۔ عینی شاہدین کے مطابق سریدھر کو آصف آباد کے ایک ہاسپٹل کو منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے معائنہ کے بعد اس کو مردہ قرار دیا۔ ایس آئی سریدھر اپنے سر پر گولی چلانے کے فوری بعد کوما میں چلا گیا تھا۔ پولیس افسر نے کہاکہ سریدھر کے قبضہ سے دستیاب ایک خودکشی نوٹ میں جس کو بظاہر خود اس (مہلوک) نے تحریر کیا تھا یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ وہ گزشتہ ایک سال سے ذہنی تناؤ کا شکار تھا۔ تاہم انھوں نے ذہنی تناؤ کی وجوہات کا انکشاف کرنے سے انکار کردیا۔ پولیس افسر نے کہاکہ ’’بادی النظر میں یہ خودکشی کا واقعہ ہے۔ ہم اس کی مزید تحقیقات کررہے ہیں۔ واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔ اُس (سب انسپکٹر) نے (اپنے سر پر) ایک گولی چلائی تھی‘‘۔ سریدھر جو ضلع کریم نگر کے سرسلہ منڈل کا ساکن تھا، گزشتہ چند ماہ تک تربیت حاصل کرنے کے بعد دو دن قبل ہی کیرامیری پولیس اسٹیشن سے باضابطہ سب انسپکٹر کی حیثیت سے وابستہ ہوا تھا۔ ہندوستانی فوجداری دفعہ 174 کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کے دوران یہ دوسرے سب انسپکٹر کی خودکشی ہے۔ ضلع میدک کے کوکنور پلی پولیس اسٹیشن کے ایک سب انسپکٹر 45 سالہ وی رام کرشنا ریڈی نے اپنے چند سینئر افسران کی مبینہ ہراسانی پر سرویس ریوالور سے خودکشی کی تھی۔