عادل آباد میں 57% رائے دہی ، ایک دیہات میں انتخابات کا بائیکاٹ

ضلع کلکٹر دیویا دیوراجن ، ایس پی وشنو ایس واریر نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا

عادل آباد۔ 11 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عادل آباد لوک سبھا حلقہ کے سات اسمبلی جات میں پرامن طور پر رائے دہی ہوئی۔ رائے دہی کی تفصیلات ہر دو گھنٹے کے بعد ریٹرننگ آفیسر و ضلع کلکٹر دیویا دیوراجن کی جانب سے میڈیا کیلئے جاری کی گئی۔ آج دوپہر 3 بجے رائے شماری مجموعی طور پر 57.04% ریکارڈ کی گئی جس کے تحت حلقہ سرپور میں 58.98% ، آصف آباد میں 56%، خانہ پور میں 55.33%، عادل آباد میں 54.01%، بوتھ میں 65.88%، نرمل میں 54.05%، مدہول میں 59.15% ریکارڈ کی گئی۔ صبح کی کی اولین ساعتوں سے جہاں ایک طرف رائے دہندوں نے حق رائے دہی سے استفادہ کیا تو دوسری طرف 11 بجے سے تقریباً 3 بجے تک رائے دہی مراکز پر رائے دہندوں کی عدم موجودگی کو محسوس کیا گیا۔ صبح کے اوقات میں ریٹرننگ آفیسر ضلع کلکٹر دیویا دیوراجن، ضلع ایس پی وشنو ایس واریر، جوائنٹ کلکٹر کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے بھی اپنے حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ حلقہ اسمبلی عادل آباد کے بیلا منڈل کے مہایوب پور جہاں تقریباً 200 مکانات ہیں، اس موضع کے افراد حکومت کی جانب سے بنیادی سہولتوں سے محروم ہونے کے بناء پر انتخابات سے قبل سیاسی و غیرسیاسی قائدین کو آگاہ کیا تھا کہ وہ انتخابات سے قبل ان کے موضع میں سڑک کی تعمیر، پانی کی سہولت کو لازمی کیا جائے، بصورت دیگر وہ انتخابات میں حق رائے دہی کا بائیکاٹ کرسکتے ہیں جس کے پیش نظر مہایوب پور کے افراد آج مکمل طور پر اپنا احتجاج درج کر کراتے ہوئے انتخابات کا بائیکاٹ کیا۔ مجموعی طور پر 57.04% رائے دہی 3 بجے تک ریکارڈ کی گئی۔