عادل آباد میں آئی ایس آئی کا کوئی فرد نہیں

ضلع ایس پی کا انکشاف ، ماوسٹ کی گرفتاری پر پولیس کی ستائش

عادل آباد ۔ یکم اگسٹ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ضلع عادل آباد میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی سے تعلق رکھنے والا کوئی بھی فرد موجود نہیں ہے ۔ یہ بات ضلع ایس پی مسٹر وکرم جیت دگل نے آج مستقرعادل آباد کے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں پرہجوم میڈیا سے مخاطب ہوکر بتائی ۔ سی پی آئی ماؤسٹ سے تعلق رکھنے والے ٹیکم روی کو تریانی منڈل کے کھیری گوڑہ سے پولیس حراست میں لینے پر ضلع ایس پی نے پولیس کارکردگی کی ستائش کرتے ہوئے کہاکہ پولیس کو زیردریافت ٹیکم روی گزشتہ دیڑھ سال سے ماؤسٹوں سے وابستہ ہوکر پولیس کی حمل و نقل پر نظر رکھتے ہوئے پولیس کے منصوبوں کو ماوسٹ سربراہ اترم شوبھن عرف چارلیس کو واقف کرایا کرتا تھا ۔ خانہ پور منڈل بیراندی موضع کا 22 سالہ متوطن ماوسٹ کے خلاف خانہ پور منڈل اور تریانی منڈل پولیس اسٹیشن میں مختلف کیس درج ہیں۔ پولیس کے ساتھ مدبھیڑ کے علاوہ ایک قتل کیس میں بھی ملوث بتایا گیا ۔ پولیس کی جانب سے حراست میں لئے گئے ماوسٹ ٹیکم روی کو میڈیا کے روبرو پیش کیا گیا ۔ اس پریس میٹ کے موقع پر بیلم پلی ڈی ایس پی مسٹر اے رمنا ریڈی ، نرمل ڈی ایس پی مسٹر ٹی منوہر ریڈی ، خانہ پور سرکل انسپکٹر مسر اے نریش کمار ، تانڈور سرکل انسپکٹر مسٹر کروناکر ، ایس آئی تریانی ، مسٹر بی سوامی بھی موجود تھے۔ اس موقعہ پر ضلع ایس پی نے روپوش 22 ماوسٹ جن کا ضلع عادل آباد سے تعلق ہے اپنے آپ کو پولیس کے سپرد کرتے ہوئے دہشت پسندانہ زندگی ترک کرتے ہوئے عام زندگی گذارنے کی ہدایت دی ۔ حکومت کی جانب سے خود سپرد ہونے والے ماوسٹوں کی فلاح و بہبودگی کی مختلف اسکیموں سے استفادہ کرنے کا مشورہ دیا۔