عابڈس میں پولیس تلاشی مہم سے کشیدگی

حیدرآباد۔ 30 ۔ ڈسمبر ( سیاست نیوز) شہر کے مصروف ترین تجارتی علاقہ عابڈس ، جگدیش مارکٹ میں کارڈن سرچ آپریشن کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر پولیس سنٹرل زون ایم رام موہن راؤ کی قیادت میں عابڈس پولیس جگدیش مارکٹ میں آج شام تلاشی مہم شروع کی اور دکانات میں جبراً داخل ہوکر موبائیل فونس کی تنقیح کرنے لگے۔ پولیس کی اچانک کارروائی سے پریشان تاجرین نے دھرنا منظم کیا اور کارڈن سرچ آپریشن کے نام پر انہیں ہراساں کئے جانے کے خلاف احتجاج کیا۔ تاجرین کی جانب سے برہمی ظاہر کرنے پر پولیس نے کارڈن سرچ آپریشن کو فوری ختم کردیا لیکن اس کارروائی میں 57 موٹر سیکلیں جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے ، ضبط کرلئے گئے اور بغیر رسید کے 195 موبائیل فون بھی ضبط کرلئے گئے۔ پولیس نے اس کارروائی میں دو مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لیا ہے جس میں ایک نوجوان کے قبضہ سے ایک لاکھ روپئے برآمد کئے گئے۔ مقامی دوکانداروں نے پولیس کی مبینہ بے جا مداخلت پر اعتراض اور برہمی کا اظہار کیا ۔