ظہیر‘عرفان‘ سہواگ اور ہربھجن سے بی سی سی آئی نے معاہدہ ختم کرلیا

ممبئی۔14نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستانی کرکٹ کے مستقبل کے منصوبوں میں شامل نہ رکھنے کا اشارہ دیتے ہوئے بی سی سی آئی نے آج 2013-14ء کیلئے جن کھلاڑیوں سے معاہدے کئے ہیں اس فہرست میں ٹیم کے سینئر کھلاڑی ویریندر سہواگ ‘ ظہیرخان اور ہربھجن سنگھ کو خارج کردیا گیا ہے ۔ گذشتہ برس بی سی سی آئی نے 37کھلاڑیوں سے معاہدے کئے تھے لیکن اس میں بڑی حد تک کمی کرتے ہوئے صرف 25کھلاڑیوں کو سنٹرل کنٹراکٹ دیا ہے جس میں صرف پانچ کھلاڑیوں کو اے گریڈ میں رکھا گیا ہے جنہیں سالانہ ایک کروڑ روپئے حاصل ہوں گے ۔ سرفہرست زمرے میں جو پانچ کھلاڑی ہیں ان میں کپتان مہیندر سنگھ دھونی ‘ ابھرتے بیٹسمین ویراٹ کوہلی ‘ سریش رائنا اور روی چندرن اشون کے علاوہ اس فہرست میں حیران کن طور پر اپنے کریئر کا آخری ٹسٹ کھیل رہے ہندوستانی ماسٹر بلاسٹر بھی شامل ہیں ۔ مذکورہ کھلاڑی گذشتہ برس کے معاہدہ میں بھی گریڈ اے میں ہی موجود تھے ۔ جن کھلاڑیوں کو بی سی سی آئی نے معاہدہ کرنے کا موقع نہیں دیا ان میں ویریندر سہواگ ‘ ظہیرخان اور ہربھجن سنگھ شامل ہیں جن کے متعلق یہ گمان کیا جارہا ہے کہ اب شاید ان کا بین الاقوامی کریئر ختم ہوچکا ہے کیونکہ سہواگ رواں برس مارچ سے کسی ٹسٹ میں ہندوستان کی نمائندگی نہیں کی ہے جب کہ ظہیرخان بھی فٹنس مسائل کی وجہ سے تقریباً ایک برس سے ٹیم سے باہر ہے ۔ ناقص فام کی وجہ سے ٹیم سے باہر کئے گئے گوتم گمبھیر اور یوراج سنگھ کو تنزلی کے بعد بی گریڈ میں ڈھکیل دیا گیا ہے جو کہ سالانہ 50لاکھ کی آمدنی حاصل کریں گے ۔ جارحانہ اوپنر شکھر دھون ‘ مرلی وجئے ‘ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اور بھونیشور کمار کو سیزن میں بہترین مظاہرہ کا صلہ دیتے ہوئے انہیں سی سے بی گریڈ میں ترقی دی گئی ۔ حیران کن طور پر مسلسل ناقص مظاہرہ کرنے والے فاسٹ بولر ایشانت شرما کو گروپ بی میں برقرار رکھا گیا ہے حالانکہ انہیں آسٹریلیا کے خلاف انتہائی مایوس کن مظاہرے کے بعد ویسٹ انڈیز کے خلاف معلنہ ونڈے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا ۔ ہربھجن سنگھ جو کہ رواں سیزن رانجی میں بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں ‘ وہ اور ان کے ساتھ زخمی آل راؤنڈر عرفان پٹھان کو گروپ ڈی سے بالکل ہی خارج کرتے ہوئے معاہدہ نہیں کیا گیا ہے ۔ گروپ سی میں بھی کئی کھلاڑیوں کو خارج کردیا گیا ہے جیسا کہ گذشتہ برس اس زمرے میں 20کھلاڑی موجود تھے اب صرف 9کھلاڑیوں کو فوائد حاصل ہوں گے ۔ فاسٹ بولر محمد سمیع جن کے مظاہرے کافی متاثر کن ہے انہیں گروپ سی میں شامل کیا گیا ہے جہاں بولر کو سالانہ 25لاکھ روپئے حاصل ہوں گے ۔ اس زمرے میں اجنکیا رہانے ‘ موہت شرما ‘امیت مشرا اور امباٹی رائیڈو موجود ہیں ۔