ظفر اللہ اور عباد الدین نے آل سینٹس کو جتوایا

حیدرآباد ، 16 ڈسمبر (راست) ظفراللہ خان کے آل راؤنڈ پرفارمنس اور محمد عبادالدین کی شاندار سنچری نے آل سینٹس ہائی اسکول کو ناگرجنا ایچ ایس کے مقابل برادر جان آف گاڈ انڈر 14 ناک آؤٹ ٹورنمنٹ میں بڑی جیت دلائی ہے۔ آر جی آئی سی ایس نٹس گراؤنڈ پر گزشتہ روز منعقدہ میچ میں آل سینٹس ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عبادالدین کی سنچری کے بل بوتے پر مقررہ 50 اوورز میں 302/4 کا طاقتور اسکور کھڑا کیا۔ عباد نے تیسرے نمبر پر کھیلتے ہوئے15 چوکوں کے ساتھ 111 گیندوں میں 101 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ ظفراللہ نے چوتھے نمبر پر 39 رنز 33 گیندوں میں 6 باؤنڈریوں کی مدد سے اسکور کئے۔ ظفر کا میچ میں آل راؤنڈ مظاہرہ درج ہوا، جیسا کہ انھوں نے ناگرجنا ٹیم کو 16.2 اوورز میں محض 53 رنز پر ڈھیر کرنے میں 6/28 کے ساتھ اہم رول ادا کیا۔ ناکام ٹیم کے اسکور میں اکسٹراز (28) کا حصہ سب میں نمایاں ہے۔