طیارہ کا ملبہ نہیں ملا ملیشیا سے معذرت کرنے رشتہ داروں کا مطالبہ

پرتھ/کوالالمپور۔30مارچ ( سیاست ڈاٹ کام ) ملیشیائی طیارے میں سوار چینی مسافرین کے برہم رشتہ داروں نے ملیشیا سے جلد بازی میں اس اعلان پر معذرت خواہی کا مطالبہ کیا کہ یہ طیارہ بحرہند میں حادثہ سے دوچار ہوگیا۔جب کہ طیارے کے ملبہ کی تلاش کا اب تک بھی کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے ۔ حالانکہ تلاش کے دوران کئی اشیاء دکھائی دینے کی اطلاعات ملتی رہی۔ چین ‘ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے فوجی طیاروں نے امکانی ملبہ دکھائی دینے کا دعویٰ کیا تھا

تاہم اب تک وہ اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوسکے اور یہ طیارہ ہنوز یہ معمہ بنا ہوا ہے ۔ اس طیارے میں سوار مسافرین کے ارکان خاندان گذشتہ تین ہفتے سے بے چینی کے عالم میں ہیں اور انہیں طیارے کے بارے میں وثوق کے ساتھ کوئی اطلاع نہیں مل پارہی ہے ۔ ان رشتہ داروں نے متضاد اور غیر مصدقہ اطلاعات دینے پر ملیشیا سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ۔ رشتہ داروں میں گزرتے دن کے ساتھ بے چینی بڑھتی جارہی ہے ۔ طیارہ کے تلاش کیلئے ساری دنیا کی پوری طاقتیں سرگرم ہیں ۔یہ طیارہ جدید دنیا کیلئے المیہ ہے ۔