طوفان کے اثر سے تلنگانہ میں، آج بارش کا امکان

حیدرآباد ۔ 29اپریل ( سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے پیش قیاسی کی ہے کہ منگل کو طوفان ’’فانی‘‘ کے اثر سے تلنگانہ کے بعض مقامات پر طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارش ہوسکتی ہے ۔ ہندوستانی محکمہ موسمیات نے پیر کو جاری کردہ اپنے بلیٹن میں کہا کہ ’’ (30تا 40کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ) تیز ہواؤں کے ساتھ تلنگانہ کے بعض علاقوں میں طوفانی بارش ہوسکتی ہے ۔ علاوہ ازیں ریاست کے مختلف مقامات پر آئندہ پانچ دن کے دوران بارش کا امکان ہے ۔ اس دوران تلنگانہ میں جھلسا دینے والی دھوپ اور شدید گرمی کی لہر آج بھی جاری رہی ۔ عادل آباد گرم ترین مقام رہا جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 45.3 ڈگری سلسیس ریکارڈ کیا گیا ۔ ضلع نظام آباد 44.3 کے ساتھ دوسرے مقام پر تھا ۔ حیدرآباد کا درجہ حرارت 41 ڈگری رہا ۔