طلبہ کی خودکشی کیلئے سونیا گاندھی ذمہ دار نہیں

ڈپٹی چیف منسٹر راجیا کے ریمارکس پر بلرام نائک کی تنقید ،کے سی آر کے وعدے ناقابل عمل
حیدرآباد 30 نومبر (این ایس ایس ) سینئر کانگریس لیڈر اور سابق مرکزی وزیر بلرام نائک نے صدر کانگریس سونیا گاندھی کے خلاف ڈپٹی چیف منسٹر ٹی راجیا کہ تبصرے کی سخت مذمت کی۔ آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے صدر کانگریس کے بارے میںاس طرح کے ریمارکس پر راجیا کو تنقیدوں کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی چیف منسٹر کے اس بیان میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ سونیا گاندھی کی جانب سے علحدہ ریاست کی منظوری میں تاخیر کی بناء کئی نوجوانوں کو خودکشی کرنی پڑی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے اس حقیقت کا علم ہونے کے باوجود بھی علحدہ ریاست کی تشکیل کو منظوری دے دی کہ انتخابات میں پارٹی کو بھاری نقصان سے دوچار ہونا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سونیا گاندھی نے علحدہ ریاست کا وعدہ پورا کیا اور ایسے میں ڈپٹی چیف منسٹر انہیں کس طرح مورد الزام قرار دے سکتے ہیں۔ بلرام نائک نے کہا کہ پارٹی کے امکانات معدوم ہونے کے باوجود تلنگانہ میں خودکشی کے واقعات کو روکنے کیلئے انہوں نے علحدہ ریاست تلنگانہ کا مطالبہ منظور کرلیا ۔انہوں نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو پر تلنگانہ ریاست کیلئے درکار ریونیو کے حصول میں ناکام رہنے کا الزام عائد کیا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش ریاست کو خاصی آمدنی حاصل ہورہی ہے لیکن تلنگانہ ریاست اپنا حصہ حاصل کرنے میں ناکام ہے کیونکہ چیف منسٹر اس معاملہ سے موثر طور پر نمٹ نہیں رہے ہیں۔انہوں نے چیف منسٹر پر جھوٹے وعدوں کا بھی الزام عائد کیا جنہیں اب پورا کرنا ممکن نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس نے عوام سے وعدوں اور تیقنات کی بناء اقتدار حاصل کیا جنہیں پورا نہیںکیا جاسکتا ۔