طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارنے کی ضرورت

نظام آباد میں سائنس فئیر کا افتتاح ، ماہر تعلیم خواجہ فہیم اللہ کا خطاب
نظام آباد:یکم ؍ جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )طلباء اپنے اندر پوشیدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے آج کے اس ترقی یافتہ و سائنس و ٹکنالوجی کے اس دورمیں کئی ایک سائنسی ایجادات کے موجد بن سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہارخواجہ فہیم اللہ ممتاز ماہر تعلیم حال مقیم دبئی نے نالج پارک انٹرنیشنل اسکول کی جانب سے منعقدہ انٹرنل سائنس فیر کی افتتاحی تقریب کے موقع پر مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ خدا نے ہر فرد کو صلاحیتوں سے نوازا یہ انتظامیہ اور اساتذہ کاکام ہے کہ ان صلاحیتوں کو اچھے اور ملک و قوم کے فائدے کیلئے کام آنے والی چیزوں میں استعمال کریں۔ سائنس اور ٹکنالوجی ،تعلیمی نصاب کا ایک حصہ ہی نہیں بلکہ یہ طلباء و طالبات کے تخلیقی رحجانات کو فروغ دینے کی ایک کوشش ہے۔ آپ نے کئی ایک سائنسدانوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ انہیں اپنے لئے رول ماڈل بنائے اور اپنے وقت کا صحیح استعمال کریں اسکول کی جانب سے جو مواقع فراہم کیئے جارہے ہیں اس کا بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ جناب ایم این بیگ زاہد سکریٹری جماعت اسلامی ہند اے پی نے منتظم ااسکول اور اساتذہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ آج کے اس دور میں اس طرح کے اداروں کا قیام اور اس معیار پر طلباء و طالبات کو تیار کرتے ہوئے انہیں دین و دنیا کے ساتھ ساتھ سوسائٹی میں کندھے سے کندھا ملاکر چلنے کے قابل بنانا ،قابل مبارکباد ہے ۔ انہوں نے طلباء و طالبات سے کہا کہ ہر فرد کے اندر صلاحیت موجود ہے اگر اسے بروئے کار لایاجائے تو پھر کئی ایک ایجاد کے ذریعہ آنے والی صدی مسلمانوں کے نام ہوسکتی ہے ۔ اس موقع پر جناب سید مجیب علی ڈائرکٹر نالج پارک انٹرنیشنل اسکول نے مہمانوں کا استقبال کیا اور کہاکہ مختصر وقت کے اندر قریب 400ماڈلس اور چارٹس کے ذریعہ طلباء و طالبات نے اس سائنس فیر میں حصہ لیا ۔ انہوںنے اولیاء طلباء کومبارکباد دی کہ انہوںنے مختصر وقت کے اندراپنے بچوں کو اس سائنس فیر میں شامل کروایا۔ اس موقع پر طلباء و طالبات کے علاوہ اولیاء طلباء ،معززین شہرکی کثیر تعداد شریک تھی ۔محمد احمد علی خان پرنسپل نالج پارک کے شکریہ پر یہ افتتاحی تقریب اختتام کو پہنچی۔