طلاق ثلاثہ کی متاثرہ عشرت کے بچوں کا اغواء اور بازیابی

کولکاتا 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) عشرت جہاں جو طلاق ثلاثہ مقدمے کی 5 درخواست گذاروں میں شامل تھی، آج الزام عائد کیاکہ اُس کے سابق شوہر اور سسرالی رشتہ داروں نے اُس کے دو بچوں کا اغواء کرلیا جنھیں بعدازاں پولیس نے اُن کے باپ کی گرفت سے آزاد کروایا۔ عشرت جہاں نے پولیس میں ایک شکایت درج کرواتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ اُس کا سابق شوہر جو 29 اگسٹ کو دوبئی سے واپس آیا ہے، اُس کے بچوں کے اغواء کا ذمہ دار ہے۔ 11 بجے دن اُس کا بیٹا اور بیٹی کھیلنے کیلئے گئے ہوئے تھے اور اُس کے بعد لاپتہ ہوگئے۔ ہوڑہ کے سٹی پولیس کمشنر ڈی پی سنہا نے کہاکہ بعدازاں بچے اُن کے باپ کے ساتھ پائے گئے جس نے اُنھیں پولیس اسٹیشن پہنچایا۔ بچوں نے کہاکہ وہ اپنے باپ کے ساتھ اپنی مرضی سے گئے تھے۔ طلاق ثلاثہ مقدمے میں جن 5 خواتین نے 22 اگسٹ کو سپریم کورٹ میں درخواست دی تھی، عشرت جہاں اُن میں شامل تھی۔