طاہر القادری پر قتل و دہشت گردی کے الزامات

لاہور ۔ /10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی پولیس نے آج مخالف حکومت عالم دین علامہ طاہرالقادری کے خلاف قتل و دہشت گردی کے الزامات کے تحت 3 ایف آئی آر درج رجسٹر کئے ہیں ۔ صوبہ پنجاب کے مختلف حصوں سے ان کے زائد 2000 حامیوں کو گرفتار کیا گیا ہے ۔ کناڈا کے عالم دین کے خلاف درج کردہ ایف آئی آر کی تعداد 8 ہوگئی ہے ۔ تازہ ایف آئی آر میں جھڑپوں کے دوران 3 پولیس ملازمین کی ہلاکت کے بعد قتل کے الزامات عائد کئے گئے ہیں ۔ صوبہ پنجاب کے مختلف حصوں میں طاہرالقادری کے سینکڑوں حامی پولیس سے متصادم ہیں ۔ لاہور پولیس کے ترجمان نائب حیدر نے بتایا کہ پولیس نے لاہور کے نصیرآباد پولیس اسٹیشن میں طاہرالقادری اور ان کے حامیوں کے خلاف قتل کیس درج رجسٹرڈ کیا ہے ۔ ان کے خلاف دیگر دو کیسیس بھی درج کئے گئے ہیں ۔ پنجاب کے میاں والی اور گجرنوالا میں دہشت گردی و قتل الزامات کے تحت کیس درج ہے ۔ طاہرالقادری کی پارٹی پاکستان عوامی تحریک کے زائداز 2000 کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ پارٹی نے پولیس کے دیئے گئے بیان کے برعکس کہا ہے کہ اس کے 20 ہزار کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے ۔