طالب علم کی پٹائی‘ ٹیچر کے خلاف شکایت

حیدرآباد ۔ /29 ڈسمبر (سیاست نیوز) چھٹویں جماعت کے طالبعلم کو ٹیوشن ٹیچر کی جانب سے زدوکوب کئے جانے پر اوپل پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کی گئی ہے ۔ بتایا جاتا ہے کہ ابھیجیت لٹل اسٹار اسکول واقع گوکلیا نگر کا طالبعلم ہے اور وہ ٹیوشن کیلئے اسی علاقہ میں مقیم سوجنیا نامی ٹیچر کے پاس ٹیوشن لیا کرتا تھا ۔ آج شام مذکورہ ٹیچر نے ابھیجیت کو اس وقت شدید زدوکوب کیا جب وہ اپنے ساتھی طالبعلموں سے بات چیت کررہا تھا ۔ ابھیجیت کے والد ایس بھگوان راؤ نے اوپل پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی جس میں انہوں نے الزام عائد کیا کہ سوجنیا نے ان کے بیٹے کو شدید طور پر زدوکوب کیا ہے جس کے سبب وہ زخمی ہوگیا ۔ پولیس نے اس سلسلے میں شکایت موصول کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔