طالبان کا خودکش حملہ پاکستان میں پولیس عہدیدار سمیت 4 ہلاک

کراچی 24 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) طالبان کی جانب سے پاکستان میں کئے گئے ایک خود کش حملے میں ایک سینئر پاکستانی پولیس عہدیدار سمیت چار افراد ہلاک ہوگئے ۔ یہ عہدیدار مخالف طالبان کارروائیوں کیلئے شہرت رکھتے تھے ۔ کہا گیا ہے کہ اس حملہ میں زائد از10 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ دھماکہ ہول سیل ترکاری مارکٹ کے قریب واقع شفیق تنولی کی قیامگاہ کے بالکل پاس ہوا ۔ ایک سینئر پولیس عہدیدار نے اس حملہ کی توثیق کی اور کہا کہ خود کش بمبار نے دوکان میں پہونچ کر خود کو دھماکہ سے اڑا لیا تھا ۔ پولیس عہدیدار عمران شوکت نے کہا کہ جس وقت یہ دھماکہ کیا گیا اس وقت دوکان میں کم از کم پانچ افراد موجود تھے ۔ یہ حملہ شفیق تنولی کو نشانہ بناتے ہوئے کیا گیا ہے ۔ ایک اور پولیس عہدیدار پیر محمد شاہ نے کہا کہ تنولی اس سے قبل بھی کئی حملوں میں بچ گئے تھے ۔ دہشت گردوں کے خلاف مہم میں انہوں نے سرگرم حصہ لیا تھا ۔ تحریک طالبان پاکستان کے مہمند چیپٹر سے تعلق رکھنے والے عمر خراسانی نے اپنے ایک بیان میں بتایا کہ ان کا گروپ اس حملہ کیلئے ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شفیق تنولی نے طالبان کے کئی حامیوں کو ہلاک کیا تھا ۔ مہمند ان سات قبائلی اضلاع میں شامل ہے جو افغان سرحد پر واقع ہیں اور یہ طالبان کے گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔