طالبان قیدیوں کو رہا کرنے حکومت پاکستان کا فیصلہ

اسلام آباد ۔ 5 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : حکومت پاکستان نے خیر سگالی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 غیر جنگجو طالبان قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جب کہ امن مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ دو یا تین دن میں شروع ہوگا ۔ وزیر داخلہ چودھری نثار علی خاں نے بتایا کہ ان میں بعض ایسے قیدی بھی ہیں جن کا نام طالبان کی جانب سے حکومت کو دی گئی فہرست میں شامل ہے ۔ انہوں نے حکومت اور طالبان مذاکرات کاروں کی کمیٹیوں کے مشترکہ اجلاس کی صدارت کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے گذشتہ ماہ 19 طالبان قیدیوں کو رہا کیا اور اب مزید 13 قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات اب اہم مرحلہ میں داخل ہوگئے ہیں اور یہ نتیجہ خیز ہونے کی توقع ہے۔