طالبان، امریکہ کے ساتھ ’’ایک اور‘‘ اجلاس کا خواہاں

اسلام آباد ۔ 17 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) طالبان نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے ساتھ ’’ایک اور‘‘ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اس بار ہم متحدہ عرب امارات میں اس کا انعقاد کریں گے جس میں سعودی عرب، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے نمائندے شریک ہوں گے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے مزید تفصیلات بتائے بغیر صرف اتنا کہا کہ اجلاس کا انعقاد پیر کے روز ہوگا جبکہ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے نہ تو اس بات کی تائید کی اور نہ تردید کہ طالبان کے ساتھ پہلے بھی اجلاس منعقد ہوچکے ہیں تاہم امریکہ کے خصوصی امن قاصد زلمے خلیل زاد نے کہا تھا کہ گذشتہ 17 سال سے جاری جنگ میں جو افغانی ملوث ہیں وہ ان تمام سے ملاقات کرچکے ہیں۔ یاد رہیکہ ماہ ستمبر میں خلیل زاد کی تقرری کے بعد طالبان کے ساتھ امن مذاکرات کے انعقاد میں تیزی پیدا ہوئی ہے جبکہ پاکستان نے پہلے ہی یہ وعدہ کیا ہیکہ وہ طالبان کے ساتھ ہونیو الی تازہ ترین امن مذاکرات میں اپنا بھرپور تعاون پیش کرے گا جس کے بعد شاید یہ امریکہ کیلئے بھی ایک طویل جنگ کا خاتمہ ہوسکتا ہے جو وہ افغانستان میں گذشتہ 17 سالوں سے لڑ رہا ہے اور جس میں اب تک ایک کھرب امریکی ڈالرس خرچ ہوچکے ہیں۔