طالبات کی رہائی کیلئے بوکوحرام سے بات چیت پر صدر بوہاری آمادہ

نائجر ۔ 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) افریقی ملک نائجیریا کے صدر محمدو بوہاری کا کہنا ہے کہ وہ بوکوحرام کے قبضے میں موجود 200 طالبات کی رہائی کے لیے شدت پسند تنظیم سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ محمدو بوہاری کا کہنا ہے کہ اگر بوکوحرام کی قابلِ اعتماد قیادت کی نشاندہی کی جا سکتی ہے تو وہ بنا کسی پیشگی شرائط کے مذاکرات کے لیے تیار ہیں۔ بوکوحرام نے ان لڑکیوں کو اپریل 2014 میں ملک کے شمال مشرقی شہر چیبوک سے اغوا کیا تھا۔ صدر محمدو نے کہا کہ حکومت کے پاس ان مغویہ لڑکیوں کے ٹھکانے یا اْن کی صحت سے متعلق کوئی تازہ معلومات نہیں ہیں۔ ان لڑکیوں کی رہائی کے لیے مذاکرات کی گذشتہ کوششیں مبینہ طور پر ناکام ہوگئی تھیں کیوں کہ حکام اس شدت پسند گروہ کے غیرمتعلقہ افراد سے بات چیت کر رہے تھے۔ محمدو بوہاری کے مطابق ’اگر بوکوحرام کے کسی قابلِ اعتماد رہنما کی نشاندہی کی جا سکتی ہے جو ہمیں یہ بتا سکے کہ وہ لڑکیاں کہاں ہیں تو ہم بغیر پیشگی شرائط کے اْن سے بات چیت کے لیے تیار ہیں۔