صومالیہ میں خود کش حملہ ، 22افراد ہلاک

موغادیشو،30اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صومالیہ کے دارالحکومت موغادشیو میں دو دھماکوں کے نتیجے میں 22افراد ہلاک ہو گئے ۔ ان میں سے ایک کار خود کش حملہ بھی تھا۔صومالیائی حکام نے بتایاکہ موغادیشو کے ایک مشہور ہوٹل کے قریب ہی ایک کار خود کش حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں درجن بھر افراد ہلاک ہو گئے ۔ یہ ہوٹل ملکی ایلیٹ میں کافی مقبول ہے جبکہ اس کے قریب ہی صدراتی محل واقع ہے ۔حکام نے بتایا کہ اس خودکش حملے کے کچھ منٹوں بعد ہی اسی علاقے میں ایک اور دھماکہ بھی ہوا جبکہ ہوٹل کے اندر فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ان حملوں کی وجہ سے کم ازکم سولہ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ تاہم اندیشہ ہے کہ زخمی یا ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے ۔موغادیشو کے پولیس اہلکار کیپٹن محمد حسین نے گفتگو میں کہا کہ ناسا ہابلوڈ ہوٹل کے باہر دھماکے کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں میں ایک اعلیٰ پولیس اہلکار اور سابق ممبر پارلیمان بھی شامل ہیں۔ شدت پسند تنظیم الشباب نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔دو ہفتے قبل ہی اس شورش زدہ ملک کے دارالحکومت موغادیشو میں خونریز حملے کی وجہ سے ساڑھے تین سو افراد لقمہ اجل بن گئے تھے ۔