صنعت نگرسے مہا کوٹمی امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل

راہول گاندھی اور چندرا بابو نائیڈو کی مشترکہ مہم، پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند
حیدرآباد۔/28نومبر، ( سیاست نیوز) حلقہ اسمبلی صنعت نگر سے مہا کوٹمی امیدوار کے وینکٹیش گوڑ کے حق میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کل ہند کانگریس کے صدر راہول گاندھی اور تلگودیشم کے صدر مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے کے وینکٹیش گوڑ کو کامیاب بنانے کی اپیل کی۔ دونوں پارٹیوں کے صدور کی جانب سے انتخابی مہم کے بعد صنعت نگر میں مہا کوٹمی امیدوار کی کامیابی کو یقینی قرار دیا جارہا ہے۔ اس روڈ شو سے علاقہ کے پارٹی کیڈر کے حوصلے بلند ہوگئے ہیں۔ اپنے روڈ شو میں صدر تلگودیشم مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے طلاق ثلاثہ کا ذکر کیا اور کہا کہ مسلمانوں کو ہراساں کرنے والی اس پالیسی کی سب سے پہلے تلگودیشم نے مخالفت کی تھی۔ انہوں نے شہر حیدرآباد کی ترقی کے اس دور کی یاد تازہ کی اور اب شہر کو مزید ترقی کی بلندیوں پر لے جانے اور خوشحال و قرض سے پاک ریاست تشکیل دینے کے لئے مہا کوٹمی کے حق میں ووٹ کے استعمال کی عوام سے اپیل کی۔ اس روڈ شو کو راہول گاندھی نے بھی مخاطب کرتے ہوئے مہا کوٹمی امیدوار کو کامیاب بنانے کی اپیل کی اور کہا کہ ٹی آر ایس کے حق میں ووٹ کا استعمال ملک و ریاست کے حق میں نہیں بلکہ اس کے خلاف ہوگا۔شہر کی گنگا جمنی تہذیب کو برقرار رکھتے ہوئے کانگریس اور تلگودیشم نے شہر حیدرآباد کو عالمی سطح پر پہنچایا جس کی آج ایک منفرد شناخت ہے۔ انہوں نے اس مہا کوٹمی کو ملک میں سیاسی تبدیلی نقیب قرار دیا اور تلنگانہ بالخصوص شہر و صنعت نگر کی عوام سے اپیل کی کہ وہ مہا کوٹمی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔