صنعا پر بمباری کا سلسلہ جاری

صنعا 30 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )عرب اتحادی جنگی طیاروں نے پانچویں دن بھی مسلسل یمن کے دارالحکومت صنعا پر فضائی حملے جاری رکھے۔ بتایا جاتا ہے کہ رات 9 بجے سے جنگی جیٹ طیاروں کی گھن گرج سنائی دے رہی تھی اور یہ سلسلہ دیر گئے تک جاری رہا۔ سعودی عرب کی زیر قیادت اتحاد نے باغیوں کی خودسپردگی تک کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے ۔ صدر عبدالرب منصور ہادی کے خلاف اُٹھ کھڑے ہوئے ان باغیوں کو مسلسل نشانہ بنایا جارہا ہے۔ صدر نے ریاض میں پناہ لی ہے۔ حوثی باغیوں کو ایران کی پشت پناہی حاصل ہے جنہوں نے صدارتی محل کو اپنے محاصرہ میں لے لیا ہے۔ کل رات فضائی بمباری کے دوران صدارتی محل کے قریب موجود ری پبلیکن گارڈ کے سپاہیوں اور حوثی باغیوں کو نشانہ بنایا گیا ۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ جنوبی صنعا میں ری پبلیکن گارڈ کیمپ پر بھی بمباری کی گئی ۔ حوثی باغیوں کو سابق صدر علی عبداللہ صالح کی وفادار فوجی یونٹس کی تائید بھی حاصل ہے ۔ انہیں 2012 میں خونریز احتجاج کے بعد عہدہ چھوڑنا پڑا تھا ۔ مقامی عہدیداروں کے مطابق صنعا کے مشرق میں 140 کیلو میٹر کے اطراف زمین سے فضا میں وار کرنے والے میزائیل بیاٹریز و راڈر سہولیات کو نشانہ بنایا گیا ۔ مغربی یمن میں بندرگاہی شہر حدیدہ میں اینٹی ایر کرافٹ ڈیفنس کو نشانہ بنایا گیا ۔ اسکے علاوہ ساحلی پٹی پر کئی فوجی ٹھکانے زد میں آئے ۔