صلاح مسلم دنیا میں خواتین کیساتھ برتاؤمیں تبدیلی کے خواہاں

قاہرہ ۔18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) مصرکی فٹبال ٹیم کوتین دہوں کے بعد 2018 میں فیفا ورلڈ کپ تک پہنچانے والے مصری فٹبالر محمد صلاح نے اسلامی دنیا میں عورتوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے سلوک میں تبدیلی لانے کی اپیل کی ہے۔ انگلش کلب لیور پول کے لئے فارورڈر26 سالہ محمد صلاح کوامریکی میگزین ٹائم نے ٹائیگر وڈز، لی بورن جیمز اور نومی اوساکا سمیت 2019 کی100 بااثر ترین شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ جریدے کو حال ہی میں دیئے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انہیں اپنے اندرخواتین کو یکساں حقوق دینے کی سوچ پیدا کرنے کے لئے کئی برس لگے ہیں اور وہ اس میں مزید تبدیلی دیکھنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق ان کے اندر یہ سوچ اپنے کلچر اور مشرق وسطیٰ میں خواتین کے ساتھ کئے جانے برتاؤکو دیکھ کر پیدا ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ میں عورتوں کی پہلے سے زیادہ حمایت کرنے لگا ہوں کیونکہ میرا خیال ہے کہ وہ بہت کچھ پانے کی حقدار ہیں۔ مصری فٹ بالر کے بموجب لوگوں کی امیدیں انہیں اکثر دباو میں مبتلا کر دیتی ہیں لیکن یہ ان کے لئے ایک قابل فخر بات ہے جس کی وجہ سے وہ اور اچھے طریقے سے کھیلنے کی کوشش کرتے ہیں۔ محمد صلاح کی ایک5 سال کی بیٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کے بعد تھکن مٹانے کیلئے ان کا پسندیدہ طریقہ اپنی بیٹی کے ساتھ وقت گزارنا ہے۔ بین الاقوامی سطح کا فٹ بالر بننے کے بعد ان کے طرزِ زندگی پر زیادہ فرق نہیں پڑا ہے اور وہ اپنی زندگی ایک عام انسان کی طرح ہی گزارتے ہیں اور زیادہ تر وقت گھر پر ہی رہتے ہیں کیونکہ انہیں باہر گھومنا پسند نہیں ہے۔