صلاح اور رحیم اسٹرلنگ گولڈن بوٹ ایوارڈ کی دوڑ میں شامل

لندن۔22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) اس سیزن میں انگلش پریمیئر لیگ کے ٹاپ اسکورر کے طور پر گولڈن بوٹ ایوارڈ کیلئے6 فٹبالرز میدان میں ہیں۔ اس وقت مانچسٹر سٹی کے سرگیو ایگیورو18گولز کے ساتھ سر فہرست ہیں تاہم محمد صلاح ، ہیری کین ، سعدیو مانے ، پائرے ایمرک اور رحیم اسٹرلنگ صرف ایک گول کے فرق سے ان کے ساتھ ہیں اورکافی عرصے کے بعد اس ایوارڈ کیلئے اتنا سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا ہے۔ گولڈن بوٹ ایوارڈ کیلئے اصل مقابلہ مانچسٹر سٹی اور لیور پول کے درمیان ہی ہوگا اور جلد ہی صورتحال واضح ہو سکتی ہے۔ لیور پول کے سعدیو مانے اور سرگیو ایگیورو کے ساتھ لیور پول کے محمد صلاح اور ٹوٹنہم کے ہیری کین کی کامیابی کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں۔ صلاح گزشتہ 7میچوں سے کوئی گول نہیں کرسکے جبکہ ان کی ٹیم کے رکن سعدیومانے ہر میچ میں اسکور کرتے آرہے ہیں۔