صرف حکومت کوجہاد اور فتویٰ جاری کرنے کا اختیار:وزیر داخلہ پاکستان

 

کسی کو بھی غیرمسلم قرار دینے کا مولوی کو حق نہیں
اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے وزیر داخلہ احسان اقبال نے کہا کہ اسلامی ملک میں جہاد اور فتویٰ جاری کرنے کا اختیارصرف حکومت کو ہے اور کسی شہری کو دوسرے شہری کو قتل کرنے کیلئے فرمان جاری کرنے کا اختیار نہیں ہے ۔اخبار ’دی نیوز انٹر نیشنل‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق وزیر نے کہا کہ دوسرے لوگوں کو ’غیر مسلم‘ قرار دے کرسوشل میڈیا پر فتویٰ جاری کرنے والوں کے خلاف سائبر جرائم قانون کے تحت معاملہ درج کر کے مقدمہ چلایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام کو اس طرح کے فتووں کی مذمت کرنی چاہئے ۔احسان اقبال نے کل نیشنل اسمبلی میں کہا کہ کسی بھی شخص کو مذہب کے نام پر سیاست کرنے کیلئے کسی کو غیر مسلم قراردینے اور فتویٰ جاری کرنے کا حق نہیں ہے ۔مذہبی جذبات پر سیاست کرنا سنگین خطرناک جرم ہے ۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی عام مولوی کو کسی کو غیر مسلم قرار دینے کا حق نہیں ہے ۔اس طرح کے فتویٰ سے افراتفری پھیل جائے گی۔انہوں نے مذہبی رہنماؤں سے سوشل میڈیا پر فتویٰ جاری کرنے والوں کی مذمت کرنے کی اپیل کی ہے ۔احسان اقبال نے کہا کہ ہمیں ایسی روایات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جو ملک کی داخلی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کرسکتی ہیں۔وزیر موصوف نے کہا کہ ہمیں کسی سے حب اللہ اور حب رسولؐ کی سند لینے کی ضرورت نہیں ہے ۔کسی بھی مولوی کو اس طرح کا فرمان جاری کرنے کا اختیار نہیں ‘‘۔

 

کوئٹہ کے قریب بس اور وین میں تصادم، کم 13افراد ہلاک
اسلام آباد ۔ 7 اکتوبر۔(سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے قریب آج ایک بس اور وین سے تصادم میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ 24 زخمی ہو گئے۔ یہ حادثہ بظاہر تیز رفتار ڈرائیونگ کی وجہ سے پیش آیا تاہم پولیس نے وجوہات جاننے کیلئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پاکستان میں مہلک ٹریفک حادثات عام ہیں، جن میں ہر سال ہزاروں انسان ہلاک ہو جاتے ہیں۔ ان حادثات کی بڑی وجوہات سڑکوں کی خراب حالت اور ڈرائیوروں کی بہت سے واقعات میں لاپرواہی سے کی جانے والی ڈرائیونگ شامل ہیں۔