صراحی دار گردن کیسے پائیں؟

خواتین کی نازک اور لمبی گردن کو ہمیشہ سے خوبصورتی کی علامت سمجھا جاتا ہے ، تاہم گردن کا شمار جلد کے ان حصوں میں ہوتا ہے جہاں عمر کے اثرات فوری طور پر دکھائی دیتے ہیں ۔ نیز موٹاپے کی صورت میں بھی جسم کا جو حصہ سب سے پہلے بدنما دکھائی دیتا ہے وہ گردن ہے تاہم خواتین کی اکثریت چہرے کیلئے تمام تر احتیاطی تدابیر اور ٹوٹکے اپنانے کے باوجود گردن کو بری طرح نظر انداز کرتی ہیں حالانکہ بڑھتی ہوئی عمر کے فوری زیر اثر آنے کے باعث گردن کو خصوصی توجہ دینی چاہئے ۔

یاد رکھیں کہ گردن پر پڑنے والی جھریوں کو کسی قسم کے میک اپ سے نہیں چھپایا جاسکتا ۔ ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ چہرے کے ساتھ ساتھ گردن کو بھی خصوصی توجہ دی جائے تاکہ بڑھتی ہوئی عمرکے اثرات سے اسے محفوظ رکھا جاسکے ۔ گردن پر خصوصی توجہ کے آغاز کی عمر پچیس برس ہے ۔ اپنی زندگی کے پچیسویں بہار کے آغاز پر اپنے روزمرہ معمولات میں گردن کے مساج کوبھی شامل کرلیں ۔ اس مقصد کے لئے کسی بھی قسم کا اچھا موئسچرائزنگ لوشن استعمال کیا جاسکتا ہے  ۔ نہانے سے قبل کریم کی مدد سے گردن پر نیچے سے اوپر کی جانب اچھی طرح مساج کریں ۔ اس مقصد کے لئے اگر آپ گھر میں کریم تیار کرنا چاہتی ہیں تو آٹے میں لیموں پھینٹ کر استعمال کریں عمومی طور پر چہرے اور گردن کی رنگت میں فرق ہوتا ہے ، ایسے میں لیموں کا استعمال رنگ کے اس فرق کو بھی ختم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے ۔ نیز لیموں کا عرق بھی جلد کو تازہ اور اس میں موجود نمی کو برقرار رکھتا ہے جبکہ لیموں میں موجود عرقیات صابن کے خشک اثرات کو ختم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔