صدر یوکرائن یانوکووچ علالت کے باعث چھٹیوں پر

کییف ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سیاسی بحران کے شکار ملک یوکرائن میں صدر وکٹر یانوکووچ طبیعت کی خرابی کے باعث چھٹیوں پر چلے گئے ہیں۔ انھوں نے یہ چھٹی ایسے موقع پر لی ہے جب ملک میں سیاسی عدم استحکام عروج پر ہے اور دارالحکومت کییف سمیت ملک بھر میں حکومت مخالف مظاہرے جاری ہیں۔ سیاسی بحران کے باعث یوکرائن کو دیوالیہ پن کا بھی خطرہ ہے۔ جمعرات کو ایک پیغام میں یانوکووچ نے کہا کہ تمام پارٹیوں کو مل بیٹھ کر بامعنی مذاکرات کرنے چاہئیں۔ یوکرائن میں یہ مظاہرے گزشتہ برس نومبر میں تب شروع ہوئے تھے، جب صدر یانوکووچ نے یورپی یونین کے ساتھ ایک مجوزہ شراکتی معاہدے پر آخری وقت میں دستخط سے انکار کر دیا تھا۔

شامی کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی میں تاخیر پر امریکہ کو تشویش
واشنگٹن ، 31 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شام سے کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کے منصوبے پر عملدرآمد میں تاخیر پر امریکی حکومت نے تحفظات ظاہر کئے ہیں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے مطابق شام کے پاس موجود مجموعی کیمیکل ہتھیاروں میں سے صرف چار فیصد مہلک ہتھیار ہی ملک سے باہر لے جانے میں کامیابی ہوئی ہے۔ اقوام متحدہ کی حمایت یافتہ اس معاملت کے تحت شام کے کیمیائی ہتھیار ملک سے باہر لے جا کر تلف کئے جانے ہیں۔ تاہم خانہ جنگی کے علاوہ اب شامی حکومت کی ہچکچاہٹ بھی اس منصوبے کو اپنے مقررہ وقت تک ختم کر دینے میں حائل ہو رہی ہے۔