صدر پرنب مکرجی کی آج آمد

حیدرآباد 28 جون (سیاست نیوز) صدر جمہوریہ ہند پرنب مکرجی جنوبی ہند میں 10 روزہ سالانہ تعطیلات گذارنے کیلئے 29 جون کو یہاں پہنچیں گے ۔ اُن کا قیام سکندرآباد میں واقع پُر فضاء اور تاریخی عمارت راشٹرا پتی نیلایم میں رہے گا ۔ صدر جمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی کے دورہ ریاست تلنگانہ و حیدرآباد میں قیام کے سلسلہ میں بڑے پیمانے پر حکومت تلنگانہ نے انتظامات کئے ہیں ۔ صدر جمہوریہ ہند کی حیدرآباد آمد پر گورنر ریاست تلنگانہ و آندھرا پردیش مسٹر ای ایس ایل نرسمہن ‘چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو ‘اسپیکر اسمبلی مدھو سدن چاری ‘ریاستی وزراء ارکان پارلیمان و اسمبلی اور ارکان کونسل شاندار استقبال کریں گے ۔ بتایا جاتا ہیکہ صدر جمہوریہ ہند مسٹر پرنب مکرجی 30 جون کو راج بھون میں گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن کی جانب سے دیئے جانے والے عشائیہ میں شرکت کریں گے اور سمجھا جاتا ہیکہ مسٹر پرنب مکرجی یکم جولائی کو تروپتی پہونچ کر لارڈ وینکٹیشورا مندر میں خصوصی پوجا کریں گے ۔ صدر جمہوریہ ہند چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو کی خصوصی دعوت پر یادگیری گٹہ کا دورہ کریں گے اور وہاں پر لکشمی نرسمہا سوامی مندر میں خصوصی پوجا کرنے کے بعد مقامی طور پر ترتیب دیئے جانے والے مختلف پروگراموں میں حصہ لیں گے بالخصوص ہریتا ہارم پروگرام کا افتتاح کریں گے ۔ صدر پرنب مکرجی یہاں اپنے 10 روزہ قیام کے دوران کئی اہم شخصیات کو ملاقات کا موقع دیں گے اور مختلف پروگراموں میں شرکت کریں گے۔ وہ یکم جولائی کو آندھرا پردیش کے تروپتی میں واقع لارڈ وینکٹیشورا مندر کے درشن کریں گے اور 3 جولائی کو حیدرآباد انٹر نیشنل کنونشن سنٹر میں منعقد شدنی ایک تقریب میں مہاراشٹرا کے گورنر سی ایچ ودیا ساگر راو کی تصنیف کردہ کتاب ’اُنیکی‘ کی رسم اجراء انجام دیں گے ۔ صدر ہند 6 جولائی کو راشٹرا پتی نیلائم میں ’نکشترا وٹیکا‘ کا افتتاح کریںگے۔