صدر پاکستان کے عہدہ کیلئے پی پی پی اور پی ایم ایل (این) مشترکہ امیدوار نامزد کریں گے

اسلام آباد ۔ 23 اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پی ایم ایل (این) نے ملک کے صدر کے عہدہ کیلئے وزیراعظم عمران خان کی تحریک انصاف پارٹی کی جانب سے نامزد کردہ امیدوار کے خلاف مشترکہ طور پر اپنے امیدوار کو کھڑا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صدارتی انتخابات 4 ستمبر کو منعقد شدنی ہیں۔ یاد رہیکہ پی ایم ایل (این) نے قبل ازیں پی پی پی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن کی نامزدگی کو مسترد کردیا تھا جو ایک سینئر پارٹی قائد ہونے کے علاوہ ایک اعلیٰ درجہ کے وکیل بھی ہیں۔ مسترد کرنے کی وجہ یہ بتائی گئی کہ پی پی پی نے اپنے امیدوارکا فیصلہ اپوزیشن پارٹیوں سے مشاورت کئے بغیر کردیا تھا۔ یاد رہیکہ اعزاز احسن کے تعلق سے پی ایم ایل (این) کو اس لئے بھی اعتراض تھا کہ انہوں نے جیل کی سزاء کاٹ رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی علیل اہلیہ کلثوم نواز کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کئے تھے۔ یاد رہیکہ پاکستان کے موجودہ صدر ممنون حسین کی میعاد 9 ستمبر کو اختتام پذیر ہورہی ہے۔