صدر پاکستانی طالبان ملا فضل اللہ کی افغانستان میں ہلاکت کی توثیق

اسلام آباد ۔ /21 جون (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان نے آج توثیق کی کہ تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ افغانستان میں شورش زدہ صوبہ کونار میں ہلاک کردیئے گئے ۔ پاکستان نے کہا کہ یہ ایک نمایاں کارنامہ ہے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان محمد فیصل نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں ملا فضل اللہ کے افغانستان میں ہلاک ہونے کی توثیق کی ۔ انہوں نے کہا کہ امریکی افواج برائے افغانستان کے لیفٹننٹ کرنل مارٹن اوڈانیل نے اس کی توثیق کی ہے ۔ امریکی فوج کے ترجمان نے کہا کہ امریکی افواج نے پاکستان کی سرحد سے متصلہ علاقہ میں امیر تحریک طالبان پاکستان پر حملہ کیا تھا ۔ وزارت دفاع پاکستان کے ترجمان محمد رحمت اللہ نے بھی ہلاکت کی توثیق کی ۔